پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے اقدامات کئے جائیں گے:انیتاکمارسوامی

RushdaInfotech May 27th 2022 urdu-news-paper
پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے اقدامات کئے جائیں گے:انیتاکمارسوامی

رام نگرم:26مئی (سالارنیوز)دیہی علاقوں میں جہاں پینے کے پانی کا مسئلہ ہے ان قریوں میں فوری پانی کی سربراہی کو ممکن بنانے اور مسئلہ حل کرنے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔یہ بات رکن اسمبلی انیتا کمار سوامی نے کہی۔انہوں نے یہاں بنی کپہ گرام پنچایت کے ہوسادوڈی دیہات میں سیمنٹ روڈ کی تعمیر،ننجا پور دیہات میں جل جیون میشن منصوبے کے تحت اوور ہیڈ ٹینک کی تعمیر اور پائپ لائن کے تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ قریوں میں ضروری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ خاص کر پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ فوری حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جل جیون مشن سمیت دیگر مختلف منصوبوں کے تحت دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے جدوجہد کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو بھی چاہئے کہ پانی ضائع ہونے نہ دیں اور پانی کا استعمال ضرورت کے مطابق ہی کریں۔حلقہ کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرناہی ان کا عین مقصد ہے۔تمام قریوں کا دورہ کرکے مسائل کا جائزہ لیں گی اور مرحلہ وار مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں گی۔آبپاشی منصوبوں کا نفاذ،اسکولوں کی ترقی،دیہی علاقوں کی سڑکوں کی ترقی سمیت دیگر تمام ترقیاتی وتعمیری کاموں کو ترجیحی بنیاد پر انجام دینے کی کوشش کریں گی۔اسی دوران قریے کی معمر خواتین نے انہیں اولڈ ایج پنشن نہ ملنے کی شکایت رکن اسمبلی سے کی،جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے رکن اسمبلی انیتا کمارسوامی نے افسروں سے بات کی اور مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر جے ڈی ایس کے تعلقہ صدر راج شیکھر،جنرل سکریٹری بی اومیش،اے پی ایم سی کے سابق صدر دورے سوامی،بی ڈی سی سی بینک کے سابق ڈائرکٹر پی اشوتھ،جے ڈی ایس پرچار کمیٹی کے صدر آر پانڈورنگا،گرام پنچایت کی سابق صدر راجما،اے ای ای سرینواس،پی ڈی او جئے شنکر اور انجینئر لوکیش موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links