مسلمان ہونے کے شک میں جین بزرگ کو پیٹ پیٹ کر مارڈالا

RushdaInfotech May 22nd 2022 urdu-news-paper
مسلمان ہونے کے شک میں جین بزرگ کو پیٹ پیٹ کر مارڈالا

بھوپال،21مئی(ایجنسی)مدھیہ پردیش کے نیمچ سے چونکا دینے والی خبر آئی ہے۔وہاں ایک 65سالہ جینی شخص کو مسلمان ہونے کے شبہ میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے ایک سابق کونسلر کے شوہر اور اس کے ساتھی کا نام اس معاملے میں ملزم کے طور پر سامنے آیا ہے۔ تاہم شیوراج سرکار کا کہنا ہے کہ مجرم کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔جن ستا آن لائن کی خبر کے مطابق یہ معاملہ 19 تاریخ کی رات کا ہے۔ واقعے سے متعلق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہفتہ (21 مئی 2022ء)کو معاملہ گرم ہوگیا۔ ویڈیو کلپ میں ایک بزرگ سفید رنگ کی قمیص پہنے نظر آرہے ہیں، جن سے ایک شخص نام اور وہ کہاں سے آیا ہے وغیرہ پوچھ رہا ہے۔ اس دوران جب وہ اپنا تعارف صحیح طریقے سے نہیں کراپائے تو وہ بار بار انہیں طمانچے مارتے ہوئے دھمکانے لگا، ”آدھار کارڈ نکال..آدھار کارڈ نکال۔“یہ کلپ کچھ ٹی وی نیوز چینلز پر بھی دکھائی گئی۔ بتایا گیا کہ زیادہ پٹائی کی وجہ سے بزرگ شخص کی موت ہوگئی۔ کہا جا رہا ہے کہ کلپ میں اسے مارنے والا شخص بی جے پی کے سابق کونسلر کا شوہر دنیش کشواہا ہے۔ اس کے ساتھی پر بھی مار پیٹ کا الزام ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد میں پولیس نے متوفی کی لاش برآمد کر لی۔ سوشل میڈیا پر ان کی کچھ تصاویر بھی جاری کی گئیں، جس کے بعد ان کی لاش کی شناخت ہوسکے گی۔ رپورٹس میں مانسا پولیس اسٹیشن کے افسر کے ایل ڈانگی کے حوالے سے بتایا گیا ہے، ہمیں جمعرات کو لاش ملی تھی۔ سوشل میڈیا پر ان کی تصویریں جاری ہونے کے بعد ان کے اہل خانہ (جن کا تعلق رتلام سے ہے)نے ان کی شناخت بھنور لال جین کے طور پر کی۔اہل خانہ کے مطابق، بھنور لال معذور تھے اور انہیں یادداشت کے مسائل تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ جائے وقوعہ کے آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی چھان بین کی جارہی ہے تاکہ کیس میں ملوث دیگر افراد کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔دریں اثناء ریاست کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے بتایا کہ اس معاملے میں کارروائی کی گئی ہے۔ اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔ وہ بزرگ تھے اور بھٹک گئے تھے۔ پوچھ گچھ کے دوران اپنا تعارف نہیں دے پارہے تھے۔ واقعے میں ملزم شخص کی نشان دہی ہو گئی اور دفعہ 302اور 304کے تحت اس
کے خلاف کیس درج ہوا ہے۔ متوفی کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ معذور تھے۔


Recent Post

Popular Links