ہندوتوا کو لے کر چنتن شیور میں بھی کانگریس میں کنفیوژن،حمایت اورمخالفت پر بحث

RushdaInfotech May 16th 2022 urdu-news-paper
ہندوتوا کو لے کر چنتن شیور میں بھی کانگریس میں کنفیوژن،حمایت اورمخالفت پر بحث

ادے پور:15مئی (یو این آئی) کانگریس میں ہندوتوا کے مسئلہ پر سیاست کرنے کو لے کر ابہام ہے اور یہ ماحول یہاں جاری پارٹی کے تین روزہ چنتن شیور میں صاف نظر آیا جب پارٹی کے کئی لیڈروں نے اظہار خیال کیا۔ جہاں انہوں نے اس معاملے پر سیاست کرنے کی حمایت کی، وہیں کچھ نے اس کی سخت مخالفت کی۔کانگریس ذرائع نے بتایا کہ چنتن شیور کے دوسرے دن سیاسی کمیٹی کی میٹنگ کے دوران یہ مسئلہ سامنے آیا۔ میٹنگ میں کیرلا کے کچھ لیڈروں نے کہا کہ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کو انتخابات کے دوران مندروں کا دورہ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس کا منفی پیغام ووٹروں تک جاتا ہے اور پھر یہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ کانگریس قیادت کو صرف انتخابات کے دوران ہی مندروں کی یاد آتی ہے۔اس معاملے پر اجلاس میں موجود نمائندوں کے درمیان کافی بحث ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ جب اس معاملے کو لے کر اراکین میں بحث چل رہی تھی تو چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ نہ صرف مسٹر گاندھی بلکہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کو بھی انتخابات کے وقت مذہبی مقامات کا دورہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو مندروں، مساجد، گرودواروں اور گرجا گھروں میں جانا چاہئے۔ اس سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو مذہب کے نام پر کانگریس پر حملہ کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کے اعلیٰ لیڈر مذہبی مقامات پر نہیں جائیں گے تو بی جے پی مہم چلائے گی کہ ان کا مذہب اور مذہبی مقامات سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو انتخابات کے دوران اس کا سیدھا فائدہ بی جے پی کو ملے گا۔پارٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ 'چنتن شیور'کے اختتام کے بعد اگلے دن مسٹر گاندھی راجستھان کے بانسواڑہ میں مشہور تریپورسندری مندر جائیں گے۔ یہ راجستھان کا ایک بہت مشہور مندر ہے اور سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا ہر بار الیکشن لڑنے سے پہلے اس مندر کا دورہ کرتی ہیں۔ چنتن شیویر میں اتر پردیش کے کانگریس جنرل سکریٹری انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی بات کی اور کہا کہ پارٹی کو جارحانہ انداز میں عوام کے درمیان جانا چاہئے اور بی جے پی حکومت کی خامیوں کو سامنے لانا چاہئے۔


Recent Post

Popular Links