بی بی ایم پی کوڑا کرکٹ نکاسی لاری نے ایک اور شخص کی جان لی

بنگلورو۔15مئی (سالار نیوز)شہر بنگلور میں بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کوڑا کرکٹ نکاسی کی لاری کی ٹکر نے ایک اور شخص کی جان لے لی ہے۔ناگورا۔تھنی سندرا مین روڈ پر بی بی ایم پی کی کوڑا کرکٹ نکاسی لاری کی ٹکر سے ٹووھیلر سوارجائے حادثہ پر ہی ہلاک ہو گیا،جس کی شناخت کتنور کے رہنے والے دیونا(25) کے طور پر کی ہے۔کل شام4.30بجے گاہکوں کو فوڈ پہنچانے کے لئے اپنی گاڑی پر روانہ دیونا درمیانی راستہ میں حادثہ کا شکار ہو گیا۔ حادثہ کے بعد پو لیس نے لاری ڈرائیور دنیش نائک (40) کو گرفتار کر لیا ہے۔ دیونا کل شام فوڈ ڈیلوری کے لئے ناگورا۔ تھنی سندرا مین روڈ پر اپنی گاڑی میں جاتے وقت پیچھے سے آرہی بی بی ایم پی کی کوڑا کرکٹ نکاسی لاری نے ٹووھیلر کو ٹکر مار دی،جس کے نتیجہ میں گاڑی کے ساتھ نیچے گر پڑا اور لاری کا پہیہ روندھ دینے کی وجہ سے دیونا جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہو گیا۔ بتا یا جا تا ہے کہ بی بی ایم پی کوڑا کرکٹ نکاسی کی لاری کے ڈرائیور کے لاپروائی اور تیز رفتار دوڑانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہے۔چک جالا ٹرافک پو لیس فوری موقع پر پہنچ کر لاش کا معائنہ کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال روانہ کردیا اور معا ملہ درج کر کے لاری کو ضبط کرتے ہو ئے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔یاد رہے کے اس سے قبل مارچ 21کو ہبال سے قریب سڑک پار کر رہی15سالہ اکشیا نامی لڑکی کو بی بی ایم پی کوڑا کر کٹ نکاسی کی لاری ٹکر مار دینے سے اس کی موت ہو چکی تھی۔اسی طرح31مارچ کو تھنی سندرا مین روڈ پر بی بی ایم پی کوڑا کرکٹ نکاسی لاری ٹکر مار دینے کے نتیجہ میں یلہنکا کے رامیا(60) ہلاک ہو چکا تھا،اور18اپریل کو نائینڈہلی رنگ روڈ پر ناگر باوی کی جانب سے نائینڈہلی کے طرف جارہے موٹر سائیکل سوار کو بی بی ایم پی ہی کی کو ڑا کرکٹ نکاسی لاری ٹکر مار دینے سے اسٹیٹ بینک آف انڈیا افسر پدمنی(40) ہلاک ہو چکی تھی۔