دو لہادلہن نکاح سے پہلے مقصد نکاح اور عظمت نکاح کو ذہن نشین کر لیں جامع مسجد سٹی میں اجتماعی محفل نکاح سے مولانا ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی کا خطاب

RushdaInfotech May 14th 2022 urdu-news-paper
دو لہادلہن نکاح سے پہلے مقصد نکاح اور عظمت نکاح کو ذہن نشین کر لیں  جامع مسجد سٹی میں اجتماعی محفل نکاح سے مولانا ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی کا خطاب

بنگلور۔13مئی (راست)اسلام اور پیغمبر اسلام نے نکاح کے سلسلے میں نہایت واضح احکامات اور تفصیلی ہدایات دی ہیں جو کتب حدیث وسیرت وفقہ وتفسیر میں موجود ہیں بلکہ نکاح کے سلسلے میں خود رسول اللہ ؐ کا مبارک اسوہ اور آپ ؐ کا عظیم عملی نمونہ امت کے سامنے موجود ہے۔ رسول اللہ ؐنے لڑکے اور لڑکی کے انتخاب سے لے کر محفل عقد،ولیمہ مسنونہ،پھر ماں باپ بننے اور اس کے بعد کی پوری زندگی گزارنے کے رہنمایانہ اصول تفصیل سے ذکر فرمائے ہیں۔اگر کوئی اس کی رعایت کے ساتھ شادی کے تقریبات منعقد کرے گا اور اس کی روشنی میں زندگی گزارے گا تو اس کے نتیجہ میں اسے وہ خوشگوار زندگی حاصل ہوگی جس کا وہ گمان بھی نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار آج جامع مسجد سٹی میں ماہ مئی کے دوسرے ہفتہ میں منعقدہ اجتماعی محفل نکاح جامع مسجد بنگلور سٹی کے امام و خطیب مولانا ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی نے کیا۔ شادیوں کی بگڑتی ہوئی صورت حال نے ہزاروں لڑکیوں کے ماں باپ کو متفکر ہی نہیں بلکہ مضطرب کرکے رکھ دیا ہے۔اس وقت مسلم معاشرہ جہیز،گھوڑے جوڑے اور رسم ورواج کی لعنت میں گرفتار ہو چکا ہے۔ گرچہ شادیوں میں جہیز کی لعنت اور نت نئی رسومات یہ دراصل برادران وطن ہی کی دین ہے اور ان کے معاشرہ میں یہ لعنت ہم سے کئی گنا زیادہ ہے،مگر ہم کو اس سلسلے میں ان کی طرف دیکھنا نہیں ہے بلکہ یہ غور وفکر کرنا ہے کہ ہم جس مذہب کے ماننے والے اور جس نبی رحمت ؐ کے پیرو کار ہیں یہ ا عمال ان کے احکامات اور تعلیمات کے بالکل خلاف ہیں بلکہ یہ ایسے ا عمال ہیں جن سے اسلام بے زاری صاف ظاہر ہوتی ہے۔ مولانا محمد مقصود عمران رشادی کی دعا کے ساتھ اجلاس اختتام کو پہنچا۔اجلاس کی صدارت سکریٹری سید نور الامین انور نے کی۔شرکاء مجلس میں ٹرسٹیان جامع مسجد کے علاوہ عاقدین کے رشتہ دار اور مصلیان کرام کثیر تعداد میں شریک رہے اور خصوصاً سکریٹری سید نور الامین انور، نائب سکریٹری سید عبد الغفور، خازن عطار مر تضیٰ حسین غفران، ٹرسٹی مقدس اللہ بیگ، ٹرسٹی ڈاکٹر محمد عمران ٹرسٹی سید اسلم وغیرہ قابل ذکر ہیں۔


Recent Post

Popular Links