بھونیشور اور ملک کی جارح بالنگ نے حیدرآباد کو پنجاب کے خلاف جیت دلائی

ممبئی۔ 17اپریل (یو این آئی) تیز گیند باز بھونیشور کمار (22رن پر 3 وکٹ) اور عمران ملک(28رن پر 4 وکٹ) کی جارح گیند بازی کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے اتوار کو آئی پی ایل میچ میں پنجاب کنگز کو یکطرفہ انداز میں سات گیندیں باقی رہتے سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ حیدرآباد کی یہ چھ میچوں میں چوتھی جیت ہے جبکہ پنجاب کو چھ میچوں میں تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔حیدرآباد نے پنجاب کو 20 اوور میں 151 رن پر سمیٹ لیا اور بلے بازوں کی مسلسل کارکردگی کی بدولت 18.5 اوور میں تین وکٹ پر 152 رن بنا کر جیت حاصل کی۔ حیدر آباد کے لیے ایڈن مارکرم نے میچ وننگ چھکا لگایا۔حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بھونیشور نے پنجاب کے ٹاپ آرڈر کو ہلا کر رکھ دیا جبکہ ملک نے نچلے آرڈر سے نمٹا۔ لیام لیونگسٹن پنجاب کے واحد بلے باز تھے جو کھل کر کھیل سکتے۔ لیونگسٹن نے 33 گیندوں پر 60 رن میں پانچ چوکے اور چار چھکے لگائے۔شاہ رخ خان نے 28 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 26 رن بنائے۔ اوڈین اسمتھ نے 15 گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے 13 رن بنائے۔ پربھ سمرن سنگھ نے 11 گیندوں میں 14 اور جانی بیرسٹو نے 10 گیندوں پر 12 رن بنائے۔ٹی نٹراجن اور جگدیش سچیت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ارشدیپ سنگھ آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔سن رائزرس حیدرآباد نے اس سیزن میں لگاتار چوتھی جیت حاصل کی ہے۔ اس جیت کے ساتھ حیدرآباد کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ 152 کے تعاقب میں حیدرآباد کی اننگز درمیان میں تھوڑی دیر کے لیے لڑکھڑا گئی، لیکن نکولس پورن اور مارکرم نے سمجھداری سے بلے بازی کی اور حیدرآباد کو فتح کی منزل تک پہنچا دیا۔مارکرم نے 27 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 41 رن میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ پوران نے 30 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 35 رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ اوپنر ابھیشیک شرما نے 25 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 اور راہل ترپاٹھی نے 22 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رن بنائے۔ مارکرم اور پوران نے چوتھی وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت میں 75 رن کا اضافہ کیا۔