جامعہ قادریہ مدینۃ العلوم کا جلسہ دستاربندی

RushdaInfotech March 28th 2022 urdu-news-paper
جامعہ قادریہ مدینۃ العلوم کا جلسہ دستاربندی

بنگلورو۔27مارچ(سالارنیوز)شہر بنگلوروکی ایک معروف دینی درس گاہ جامعہ قادریہ مدینۃ العلوم کا جلسہ دستار بندی جامعہ کے صحن میں بروز اتوار 27مارچ منعقد ہوا۔ جس میں شہر کے معروف علمائے کرام اور عمائدین نے شرکت کی اور مدرسہ میں تعلیم مکمل ہو کر فارغ ہونے والے طلباء کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لئے نصیحت آموز خطابات کئے۔ مدرسہ کے مہتمم اور مسجد حضرت کمبل پوش ؒ کے امام و خطیب مولانا غلام مختار اشرفی نے اس موقع پر بتایا کہ اس مدرسہ کا قیام 2002کے دوران کیا گیا اور اس میں اب تک 40حفاظ اور 20علماء کی فراغت ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ شروع سے ہی اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ جامعہ میں تعلیم کے معیار کو بلند رکھا جائے،اس لئے فارغین کی تعداد دیگر مدارس کے مقابل کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے گزشتہ دو سال کے دوران مدرسے میں تعلیم کا وقت بھی کافی کم رہا، اس کے باوجو د طلباء نے کافی مشقت کے ساتھ حفظ کو مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی کتا ب کو سینوں میں محفوظ کرنے والوں کو اللہ نے بہت بلند مقام عطاء کیا ہے۔ انہوں نے ان طلباء کے حق میں دعا کی۔ ایوب انصاری کی صدارتی تقریر، مولانا عبدالقادر شاہ واجد ابوالعلائی خطیب وامام جمعہ مسحد، معسکر بنگلورو کی دعا اور سلام پر جلسہ اختتام پر پہنچا۔ اس پروگرام میں مولانا ذوالفقار رضا نوری خطیب وامام جامعہ حضرت بلال، عاصم عمر سیٹھ، اللہ بخش آمری، مولانا ظہیرالدین قادری،اعجاز احمد،محمد سلیم چیرمین مناہل گرپ آف اسکولس اور دیگر علماء وعمائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر تین حفاظ اور ایک عالم دین کی دستار بندی کی گئی۔فارغین کو اس موقع پر تحائف پیش کئے گئے اور ان سے نیک تمناؤں کا اظہار کیاگیا۔اس سے قبل جامعہ کے طلباء نے اپنی علمی صلاحیتوں کے مظاہرہ کا پروگرم پیش کیا۔


Recent Post

Popular Links