امریکی صدر جوبائیڈن ایران جوہری معاہدے کے سلسلے میں تنازع میں پھنسے

واشنگٹن: 21 مارچ (یو این آئی) امریکی ریپبلکن پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جم بینکس نے ایران جوہری معاہدے میں امریکہ کی واپسی پر بائیڈن انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کا دنیا کا سب سے بڑا فنڈر بن جائے گا۔انہوں نے اتوار کو فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ یہ متضاد ہے کہ بائیڈن انتظامیہ ایک ایسے معاہدے پر واپس جائے گی جو براک اوباما کے وقت تباہ کن تھا۔ انتظامیہ اس معاہدے پر دوبارہ بات چیت کیلئے تیار ہے جس سے ایران کو اس کے برے رویہ کیلئے ایوارڈ دینے جیسا ہوگا۔انہوں نے بتایاکہ میں قیاس کر سکتا ہوں کہ بائیڈن انتظامیہ تیل کے معاملے میں اتنی خوش مزاج ہے کہ وہ تیل کیلئے خود کفیل بننے کیلئے توانائی کے کارکنوں کے ساتھ کام کرنے کی بجائے دہشت گردوں کے ساتھ بات چیت کو ترجیح دے گی۔یہ انتظامیہ اس قسم کے کام کرنے میں ماہر ہے۔مسٹر بینکس نے کہاکہ اگر امریکی صدر اس معاہدے پر دستخط کرتے ہیں تو ملک سے اربوں ڈالر دہشت گرد گروپ کو جائیں گے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو بائیڈن دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے دنیا کی سب سے بڑی شخصیت بن جائیں گے اور امریکی ٹیکس دہندے اس کی قیمت ادا کریں گے۔واضح رہے کہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران جوہری معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔ یہ قدم بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی جانب سے ایران کے معاہدے کی پاسداری کے ثبوت فراہم کرنے کے باوجود اٹھایا گیا۔ مسٹر ٹرمپ نے نہ صرف یہ معاہدہ منسوخ کیا تھا بلکہ ایران پر دوبارہ پابندیاں بھی عائد کردی تھیں۔