24/اپریل کووزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ شیموگہ ایشورپا نے منتخب نمائندوں اور سرکاری افسروں کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لیا

RushdaInfotech March 17th 2022 urdu-news-paper
24/اپریل کووزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ شیموگہ  ایشورپا نے منتخب نمائندوں اور سرکاری افسروں کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لیا

شیموگہ:16مارچ(سالارنیوز)24/اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی شیموگہ کے قریب واقع ہولالور دیہات کا دورہ کرنے والے ہیں،جس کے پیش نظرریاستی وزیربرائے دیہی ترقیات وپنچایت راج کے ایس ایشورپا نے گذشتہ روز افسروں کے ساتھ دیہات کا دورہ کرکے وزیراعظم کے پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم ملک کے دیہی علاقوں کا جائزہ لینے کے مقصد سے ہولالور دیہات کے دورے پر آرہے ہیں،گرام پنچایت کی کارکردگی کے تعلق سے مقامی منتخب نمائندوں اور عوام کے ساتھ تبادلہئ خیال کریں گے اور ملک کی تمام گرام پنچایتوں کے انتظامیہ میں سدھار لانے کیلئے ضروری مشورے دیں گے۔ہولالور میں تقریباً 15/ایکڑ زمین میں سے 5/ایکڑ زمین پر ہیلی پیڈ تعمیرکرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔بقیہ 10/ایکڑ زمین پروگرام کیلئے مختص کردی گئی ہے۔ایشورپا نے بتایاکہ وزیر اعظم دوپہر 12بجے یہاں آئیں گے۔ محکموں کا جائزہ لینے کے بعددیہاتیوں کے ساتھ مباحثہ کے پروگرام میں حصہ لیں گے۔دوپہر ایک بجے خطاب کریں گے،اس کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ فی الحال رکن پارلیمان بی وائی راگھویندرا،ڈپٹی کمشنر،ایس پی اور ضلع پنچات سی ای او سمیت دیگر تمام منتخب نمائندوں اور اعلیٰ افسروں کے ساتھ تبادلہئ خیال کیاگیاہے۔ہر طرح سے جائزہ لیا گیا ہے۔ اس ماہ کی 30تاریخ تک اسمبلی اجلاس جاری رہے گا،اسمبلی اجلاس ختم ہونے کے بعد پھر ایک مرتبہ اجلاس طلب کیاجائے گا۔ہولالور میں روزگار گیارنٹی منصوبے کی کارگزاری بہتر ہے، مارچ کے اخیر تک گھر گھر پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے کے کام کو بھی مکمل کرلیاجائے گا۔اسی طرح خشک اور تر کچرے کی علاحدگی اور ٹیکنیکی طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔اس کام کیلئے خواتین ڈرائیورس کو بھی تربیت دی جارہی ہے۔اس موقع پر رکن پارلیمان بی وائی راگھویندرا، حکومت کے اڈیشنل سکریٹری ایل کے عتیق احمد،آر ڈی پی آر کمشنر شلپاناگ،کریڈل منیجنگ ڈائرکٹر گنگا دھر سوامی،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آر سیلوامنی، ضلع پنچایت کی چیف ایگزی کیٹیو آفیسر ایم ایل وائشالی اورضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ لکشمی پرساد کے علاوہ مختلف محکموں کے آفیسرس موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links