کھیل کود کی سرگرمیوں سے ذہنی وجسمانی نشونما میں مدد ملے گی:سرینواس ریڈی

سرینواس پور:13مارچ(شبیراحمد۔نامہ نگار)نوجوان طبقے کو اسپورٹس کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہر ہ کرنے کے اچھے مواقع ہیں،کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے جسمانی وذہنی نشونما میں کافی مدد ملے گی،اس سے آپسی دوستی اور اچھاماحول بھی قائم ہوگا۔نوجوانوں کے علاوہ تمام کو چاہئے کہ روزانہ کھیل کو د کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے بھی کچھ وقت نکالیں۔یہ بات سماجی کارکن گنجور آر سرینواس ریڈی نے کہی۔انہوں نے یہاں سرینواس پور اسمبلی حلقے کے مدواڑی دیہات میں منعقدہ مدواڑی -ہوساہلی پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنمنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے خوداعتمادی،ہمت اورآپسی بھائی چارہ بڑھے گا۔کھیل کے مقابلوں میں ہار جیت عام ہے،مگر اسے چیلنج کے طور پر قبول کرکے جیتنے کیلئے کھیلنا چاہئے۔ہر ایک میں کوئی نہ کوئی صلاحیت پوشیدہ رہتی ہے،اسے اجاگر کرنے اور موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ورزش اور کھیل کود کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں جس سے دماغی سکون ملے گااور جسمانی طورپر مضبوط بننے میں مدد ملے گی۔ دن بھر کی مصروفیت اور کام کاج کے بوجھ سے تنگ آنے والے سرکاری ملازمین اور دیگر مزدوروں کو بھی چاہئے کہ روزانہ تھوڑا وقت ورزش اورکھیل کود کی سرگرمیوں کیلئے بھی مختص کریں۔ہمارے ملک کے کھلاڑی دنیابھر میں مشہور ہوئے ہیں،یہاں کھلاڑیوں کی ہمت افزائی بھی کی جاتی ہے اور انہیں عزت کی نگاہ سے بھی دیکھاجاتاہے۔نوجوان طبقہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے اپنے والدین،گاؤں اورضلع کے ساتھ ریاست اور ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کریں۔اس سے قبل دیہی علاقوں میں کھیل کود کے مقابلے منعقد کئے جاتے تھے،مگر اب وقت کی کمی اور کام کاج کے دباؤ کی وجہ سے یہ روایت باقی نہیں رہی۔ نوجوان طبقہ اپنازیادہ تر وقت کمپیوٹر اور موبائل فون پر گذار رہاہے،جس کے سبب اکثر نوجوان جسمانی ودماغی کمزوریوں کا شکار ہورہے ہیں۔اس موقع پر کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر موجود تھے۔