کبھی نہیں سوچا تھا کہ ٹسٹ ٹیم کی کپتانی کروں گا: روہت شرما

نئی دہلی-8مارچ (آئی این ایس)ٹسٹ کپتان کے طور پر روہت شرما کی پہلی جیت کو سراہتے ہوئے بی سی سی آئی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے- اس ویڈیو میں اس شاندار فتح کے کچھ خاص لمحات کے ساتھ ساتھ کپتان روہت شرما کے الفاظ بھی سننے کو مل رہے ہیں - انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاتا ہے کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ ہندوستان کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان بن جائیں گے- روہت کہہ رہے ہیں کہ یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں اس فہرست کا حصہ بنا- سچ پوچھیں تو یہ وہ چیز تھی جس کے بارے میں میں ے کبھی سوچا بھی نہیں تھا- میں بہت خوش ہوں کہ مجھے قومی ٹیم کی قیادت کا موقع ملا-نیز روہت نے وراٹ کے 100ویں ٹسٹ کا بھی ذکر کیا- وہ کہتے ہیں کہ یہ ایک بہت ہی خاص موقع تھا- ہر کھلاڑی 100 ٹسٹ کھیلنا چاہتا ہے اور وراٹ نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے- یہ اس کیلئے ہمیشہ یادگار رہے گا- غور طلب ہے کہ موہالی ٹسٹ میں سری لنکا کی پہلی اننگز شروع ہونے سے ٹھیک پہلے روہت نے وراٹ کوہلی کے لیے ’گارڈ آف آنر‘ کا اہتمام کیا تھا- اس دوران کوہلی پہلے ہی گراؤنڈ میں پہنچ چکے تھے، ایسے میں روہت نے انہیں دوبارہ باؤنڈری سے باہر بھیجا اور پھر تمام کھلاڑیوں نے ’گارڈ آف آنر‘ دے کر وراٹ کا احترام کیا- تاہم روہت شرما نے کل وقتی کپتان بننے سے قبل سابق کپتان وراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں کئی مواقع پر ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیموں کی کپتانی کی تھی لیکن انہیں کبھی بھی ٹسٹ میچ کی کپتانی کا موقع نہیں ملا- موہالی ٹیسٹ میں پہلی بار انہوں نے ٹسٹ ٹیم کی کمان سنبھالی- انہوں نے بطور کپتان اپنے پہلے ٹسٹ میں یادگار فتح بھی حاصل کی- اس ٹسٹ میں ہندوستان نے سری لنکا کو اننگز اور 222 رن سے شکست دی تھی-