نوجوان شعراء کی ہمت افزائی بھی ضروری ہے۔صابراللہ بزم گلزار ادب چن پٹن کے زیر اہتمام”ایک شام، اشفاق بیگ اشفاق کے نام“ طرحی اعزازی مشاعرہ کا انعقاد

چن پٹن:8مارچ (راست) کسی بھی میدان میں کیوں نہ ہونوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ دور حاضر میں نوجوانوں کو آگے لانا اوران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان سے کام لینا وقت کا تقاضہ ہے۔ اردو زبان و ادب کے شعراء و ادباء کی پذیرائی بھی بہت معنی رکھتی ہے۔ معتمد بزم گلزار ادب سید برہان الدین کے اس اقدام سے بہت خوشی ہوتی ہے کہ انہو ں نے شہر کے نوجوان شاعر اشفاق بیگ اشفاق کو اس مقصد کے لئے چنا۔ان خیالات کا اظہار بزم گلزار ادب چن پٹن کے زیر اہتمام ایم ایچ فنکشن ہال سعادت علی خان روڈ چن پٹن میں پیر7مارچ کو منعقدہ”ایک شام اشفاق بیگ اشفاق کے نام“ طرحی اعزازی مشاعرہ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے محمد صابر اللہ خوندمیری صدر مسلم انجمن مہدویہ و رکن بلدیہ نے کیا۔انہوں نے کہاکہ اردو کی آبیاری میں شعراء و ادباء کااہم رول ہے۔اس لئے ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم اردو والوں کی خدمت کریں، ان کی حوصلہ افزائی کریں۔معروف شاعر فیاض شکیب کے انتقال پر تعزیتی کلمات پیش کرتے ہوئے سید برہان الدین ذوق نے کہا کہ فیاض شکیب نے تقریباً 22سال چن پٹن میں گزارے۔یہاں انہو ں نے جشن امی تقریب منانے میں اہم رول ادا کیا۔ شہر کی ادبی محفلوں کی رونق بنے رہے۔انہوں نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔انہر سعودی کی قرأت سے آغاز ہوا۔سید جلال محمودی بھدراوتی،سید عمران رفاعی، سید مختار خوندمیری،سید سعادت مہدی مہمانان خصوصی رہے۔ ثناء ساگربنگلوری نے حمد پیش کی۔ شیخ حبیب، ممتاز علی خان، عبدالرشید منصوری نے بارگاہ رسالتؐ و بارگاہ ولایت میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔مصرعہ طرح”بسیرا تھا جہاں اپنا، وہیں تک آفتاب آیا“ پر ثناء ساگر کی نظامت میں حسب ذیل شعراء نے اپنی طرحی تخلیقات پیش کیں۔حسن علی خان حسن، سید جلال محمودی،سلیم جاوید بنگلوری،انہر سعودی،شیخ حبیب بنگلوری، تنویر عظیم احمد کنیگلی،عبدالکریم انجم چن پٹن، جاوید بیگ جاوید،ثناء اللہ خان ثناء،سید نثار مہدی وسیم،ڈاکٹر شاہ اظہر نظامی اظہر،اشفاق بیگ اشفاق،سید برہان الدین ذوق، سید محمود یداللٰہی، سید مختار احمد خوندمیری مختار۔ سہیل نظامی کا کلام پڑھاگیا۔معتمد بزم سید برہان الدین ذوق کے شکریہ پر مشاعرہ اختتام کو پہنچا۔