جڈیجہ کی خطرناک گیندبازی، ہندوستان نے سری لنکا کو اننگز سے شکست دے دی

RushdaInfotech March 7th 2022 urdu-news-paper
جڈیجہ کی خطرناک گیندبازی، ہندوستان نے سری لنکا کو اننگز سے شکست دے دی

موہالی۔6مارچ (یو این آئی) آل راؤنڈر اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ(41 رن پر 5اور 46رن پر 4وکٹ) کی مدد سے ہندوستان نے سری لنکا کو پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن اتوار کو اننگز اور 222رن سے شکست دے دی۔ دو میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی۔ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز آٹھ وکٹ پر 574رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں سری لنکا کو 174رنز پر ڈھیر کر دیا تھا اور دوسری اننگز میں اسے 178رنز پر نمٹا کر میچ اننگز کے فرق سے جیت لیا تھا۔ تیسرے دن کے کھیل میں سری لنکا نے اپنی 16وکٹیں گنوا دیں۔جڈیجہ نے پہلی اننگز میں 41رن پر پانچ اور دوسری اننگز میں 46رن پر چار وکٹ لئے۔ جڈیجہ نے ہندوستان کی پہلی اننگز میں ناٹ آؤٹ 175رنز بنائے۔ جڈیجہ کو اس بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ اس طرح ہندوستان نے وراٹ کوہلی کے100ویں ٹیسٹ میں جیت حاصل کی۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ بنگلور میں کھیلا جائے گا۔جڈیجہ کے علاوہ آف اسپنر روی چندرن اشون نے 47رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور کپل دیو (434)کو پیچھے چھوڑ کر ہندوستان کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن گئے۔ فاسٹ بولر محمد سمیع نے48رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ہندوستان نے اننگز کے لحاظ سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پانچویں سب سے بڑی جیت درج کی۔ سری لنکا کی دوسری اننگز میں ان کے ٹاپ آرڈر نے پھر مایوس کیا۔ صرف وکٹ کیپر نیروشن ڈکویلا نے کچھ دیر تک ہندوستانی گیند بازوں کا سامنا کیا اور 81گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ51رنز بنائے۔ یہ ڈکویلا کی19ویں نصف سنچری تھی۔ اینجلو میتھیوز نے28اور کپتان دیموتھ کرونارتنے 27رنز بنائے۔ دھننجے ڈی سلوا نے 30رنز بنائے۔اس سے پہلے آل راؤنڈر اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ (41رن پر 5 وکٹ) کی گیند بازی کی مدد سے ہندوستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو پہلی اننگز میں 172رن پر سمیٹ کر فالو آن کھیلنے پر مجبور کر دیا۔سری لنکا نے 108رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور باقی چھ وکٹ 66رنز جوڑ کر گنوا دیں۔ جڈیجہ، جنہوں نے کل ایک وکٹ حاصل کی، آج چار وکٹوں کے ساتھ اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ سری لنکا کی پانچویں وکٹ 161کے اسکور پر گری اور اس کے بعد اس کی باقی پانچ وکٹیں صرف 10رنز کا اضافہ کر کے گر گئیں۔ جڈیجہ نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک ایک وکٹ جسپریت بمراہ اور محمد شامی کے حصے میں آئی۔پتھم نسنکا نے 26اور چریت اسلنکا نے اپنی اننگز کو ایک رن سے آگے بڑھایا۔ دونوں نے اسکور کو 161تک لے جانے کے لیے محتاط انداز میں کھیلا لیکن جیسے ہی بمراہ نے اسلنکا کو لیگ بیفور کیا، سری لنکا کی اننگز کے سمٹنے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔ نسنکا 133گیندوں پر 11چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دوسرے سرے پر ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی رہیں۔ جڈیجہ نے 13اوورز میں 41رن دے کر پانچ وکٹ لئے جبکہ بمراہ اور اشون کو دو دو اور سمیع کو ایک وکٹ ملا۔


Recent Post

Popular Links