کے جی ایف میں کانگریس کے خلاف بی جے پی کااحتجاج

RushdaInfotech March 1st 2022 urdu-news-paper
کے جی ایف میں کانگریس کے خلاف بی جے پی کااحتجاج

کے جی ایف:28فروری(سالارنیوز)ریاستی اسمبلی میں جاری سیشن کی کارروائی میں رکاوٹ کھڑی کرنے والی کانگریس پارٹی کے خلاف ریاست بھر میں احتجاج کئے جانے کی ہدایت بی جے پی ہائی کمان کی طرف سے دی گئی ہے،جس کے تحت کے جی ایف میں سینکڑوں بی جے پی کارکنوں نے سورناکپہ سرکل سے سورج مل سرکل تک احتجاجی جلوس نکالا۔اس احتجاجی جلوس میں شرکت کرتے ہو ئے بی جے پی ضلع صدرڈاکٹر وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی اجلاس کا وقت برباد کیاہے۔ریاست کے عوام کے سلگتے مسائل کو لے کر بحث کرنے اور عوا م کے حق میں آواز اٹھانے میں پو ری طرح ناکام ہوچکی ہے، اپنی ناکامیوں کو چھپانے اورعوام کو گمراہ کرنے کیلئے اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کررہے ہیں اور احتجاجی دھرنے کے نام پر اسمبلی اور کونسل کا قیمتی وقت ضائع کررہی ہے۔عوام کی طرف سے ٹیکس کی شکل میں ادا کئے جانے والی رقم اسمبلی اجلاس پر خرچ کی جاتی ہے، روزانہ کا خرچ 85لاکھ روپئے ہے،ریاست کے عوام کی رقم ضائع ہورہی ہے،اس کیلئے کانگریس پارٹی ہی ذمہ دارہے۔ میکے داٹو منصوبے کے نفاذ کے معاملے کو لے کر احتجاج کررہی کانگریس پارٹی کو چاہئے اس کی حامی پارٹی کہلانے والی ڈی ایم کے کے لیڈروں سے بات چیت کر کے میکے داٹو منصوبے کے تعلق سے عدالت میں چل رہے معاملے کو واپس لینے کی کوشش کرے۔کانگریس لیڈروں کی طرف سے بی جے پی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ریاست کے عوام سب کچھ جانتے ہیں،آئندہ دنوں کانگریس پارٹی کو ضرور سبق سکھائیں گے۔سابق رکن اسمبلی وائی سمپنگی نے کہا کہ ریاست کے عوام کی ٹیکس کی رقم سے چلنے والے اسمبلی اجلاس میں رکاوٹ کھڑی کر کے ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبودی میں رکاوٹ کھڑی کررہے ہیں۔کانگریس لیڈروں کے اس رویے کی پوری ریاست میں مذمت کی جارہی ہے۔ہمیشہ دلتو ں اوراقلیتوں کو ووٹ بینک بناکر استعمال کرنے والی کانگریس پارٹی ووٹ حاصل کرنے کیلئے ووٹروں کو گمراہ کررہی ہے۔روس اور یوکرین میں تعلیم حاصل کرنے اور ملازمت کیلئے گئے ہوئے ملک کے طلبہ اور دیگر افراد کو بہ حفاظت واپس ملک لانے کیلئے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم مسلسل جدوجہد کررہے ہیں اور اس میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔بی جے پی میں گروپ بندی کی وجہ سے پارٹی کارکنوں میں الجھن پائی جارہی ہے۔ اسلئے بہت جلد معاملے کو حل کرلیاجائے گا۔


Recent Post

Popular Links