آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ بھارت پانچویں نمبرپربرقرار،سری لنکاسرفہرست،پاکستان تیسرے نمبرپر

دوبئی۔20فروری(آئی این ایس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ذریعہ ہفتہ کو جاری کردہ تازہ ترین آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ ٹیبل میں ہندوستان پانچویں پوزیشن پربرقرارہے۔ہندوستان، ڈبلیو ٹی سی کے پہلے سیزن کا رنر اپ، فی الحال دوسرے راؤنڈ میں 49.07 فیصد کے اسکور کے ساتھ پانچویں مقام پرہے۔ ہندوستان نے ڈبلیو ٹی سی کے دوسرے راؤنڈ میں اب تک نوٹسٹ کھیلے ہیں جن میں چار میں فتح اور تین میں شکست ہوئی ہے۔ دومیچز ڈراہوئے ہیں۔ بھارت نے تمام ٹیموں میں سب سے زیادہ 53 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ہندوستان کو اپنی پوزیشن کو بہتر کرنے کا موقع اگلے ماہ اس وقت ملے گا جب ٹیم سری لنکا کی دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گی۔ سری لنکا 100 فیصد پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ٹیم نے موجودہ سائیکل کے اپنے دونوں ٹسٹ جیتے ہیں۔ اس کے بعد آسٹریلیا کا نمبر آتا ہے جس کے 86.66 فیصد نمبر ہیں۔ پاکستان 75 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ جنوبی افریقہ 50 فیصد پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔دفاعی چمپئن نیوزی لینڈ، جس نے ہفتہ کو کرائسٹ چرچ میں پہلے ٹسٹ میں جنوبی افریقہ کو اننگز اور 276 رنز سے شکست دی تھی، اس کے 12 پوائنٹس ہیں اور وہ 46.66 فیصد کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔