سعودی قیادت والے اتحاد کا یمن میں فضائی حملہ،ریڈیو انٹینا تباہ

صنعاء-2فروری (یو این آئی/ژنہوا) سعودی قیادت والے اتحاد نے منگل کو یمنی دارالحکومت صنعا میں ایک فضائی حملے میں حوثی جنگجوؤں کے زیر کنٹرول تین فوجی اڈوں کے ریڈیو انٹینا کو تباہ کر دیا-فضائی حملوں میں شمالی صنعا میں واقع طباط ٹیلی ویژن کیمپ اور دارالحکومت کے مرکز الیتہ کیمپ میں ریڈیو انٹینا تباہ ہوگیا-دھماکہ اتنا شدید تھا کہ دارالحکومت کی عمارتیں لرز اٹھیں -حملے سے کئی قریبی مکانات کو نقصان پہنچاہے - خبریں لکھے جانے تک لڑاکا طیارے آسمان پر منڈلا رہے تھے -اتوار کو متحدہ عرب امارات کے خلاف حوثی بیلسٹک میزائل کے حملے کے بعد صنعا پر اتحادی افواج کی جوابی کارروائی کا یہ دوسرا دن ہے -اتوار کا حملہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں تیسرا حملہ ہے - اس سے قبل اس حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے اور ابوظہبی کے ایک آئل پلانٹ کو بھی نقصان پہنچا تھا-ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی جنگجوؤں نے جنوری میں وسطی یمن میں کئی اسٹریٹجک اضلاع کو کھونے کے بعد متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے خلاف سرحد پار سے میزائل حملے تیز کر دیئے ہیں -