کوڑے کرکٹ میں بیٹھے کتاب پڑھتے بچے کی تصویر نے ہلچل مچا دی

RushdaInfotech January 18th 2022 urdu-news-paper
کوڑے کرکٹ میں بیٹھے کتاب پڑھتے بچے کی تصویر نے ہلچل مچا دی

بیروت: 17جنوری (ایجنسی)لبنان میں ایک دس سالہ شامی بچے حسین کی تصویر نے سوشیل میڈیا پر لوگوں کے دل پگھلا دئے۔ تصویر دیکھ کر لوگوں کی جانب سے وسیع پیمانے پر ہمدردی دیکھنے میں آ رہی ہے اور وہ اس بچے کی مدد کے واسطے اس کا پتہ معلوم کرنے کے خواہاں ہیں۔ تصویر میں یہ بچہ حسین کچرے کے ایک ڈرم میں بیٹھا نظر آ رہا ہے اور اس کے ہاتھوں میں کتاب ہے۔ یہ کتاب اس نے کچرے سے ہی نکالی تھی۔ حسین کی تصویر ایک نوجوان لبنانی انجینئر اور یونیورسٹی پروفیسر روڈرک مگامس نے اپنے کیمرے میں محفوظ کی۔ روڈرک نے حسین کو بیروت میں اپنے دفتر کے نزدیک دیکھا تو اس نے اس منظر کی تصویر لے لی۔روڈرک نے بتایا کہ اس نے حسین کو 7 منٹ سے زیادہ وقت تک پورے شغف اور پیار کے ساتھ کتاب کے صفحات پلٹتے ہوئے دیکھا۔ خیال رہے کہ یہ کتاب بچوں کیلئے نہیں تھی۔روڈرک کے ساتھ بات چیت سے حسین کے جو حالات سامنے آئے ان کے مطابق وہ بہت ذہین بچہ ہے۔ اسے پڑھائی پسند ہے اور وہ صبح کے وقت اسکول جاتا ہے۔ دوپہر کے بعد حسین خردہ اشیاء جمع کرنے کا کام کرتا ہے تا کہ اپنے بیمار باپ اور چار بہنوں کی مدد کر سکے۔روڈرک کے مطابق وہ ایک سوسائٹی کے ساتھ مل کر حسین اور اس کے گھرانے کی مدد کے واسطے مطلوب مالی رقم جمع کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ اس شرط کے ساتھ کہ حسین دوبارہ خردہ اشیاء جمع کرنے کا کام نہیں کرے گا اور اپنی تعلیم کیلئے پوری طرح فارغ ہو جائے گا۔ روڈرک کے مطابق بہت سے لوگوں نے حسین کی مدد کے طریقہ کار کے حوالے سے استفسار کیا ہے۔سرکاری اندازے کے مطابق لبنان میں اس وقت 15 لاکھ کے قریب شامی پناہ گزینوں کی حالت میں رہ رہے ہیں۔ ان لوگوں نے جنگ کے حالات کے سبب اپنے ملک سے کوچ کیا۔ ان میں تقریباً 8.55 لاکھ افراد سرکاری طور پر پناہ گزینوں کے امور سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔ یہ تعداد لبنان کی آبادی کا ایک چوتھائی ہے۔


Recent Post

Popular Links