حلقے میں بی جے پی کے دور اقتدار میں کئے گئے ترقیاتی کام کانگریس والوں کو نظر نہیں آتے:سی ٹی روی

RushdaInfotech January 17th 2022 urdu-news-paper
حلقے میں بی جے پی کے دور اقتدار میں کئے گئے  ترقیاتی کام کانگریس والوں کو نظر نہیں آتے:سی ٹی روی

چکمگلور:16جنوری(سالارنیوز)سٹی منسپل کونسل انتخابا ت میں بی جے پی نے اس مرتبہ سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے،پچھلی مرتبہ 18ہزار ووٹ ملے تھے، اس بار 24ہزار ووٹ حاصل ہوئے۔پچھلی با ر کے مقابلے اس مرتبہ 6ہزارووٹ زیادہ ملے۔ سٹی منسپل کونسل پر اقتدار اورواضح اکثریت کیلئے درکا ر18سیٹوں پر بھی بی جے پی کامیاب ہوئی ہے۔یہ بات رکن اسمبلی وسابق ریاستی وزیر سی ٹی روی نے کہی۔انہوں نے یہاں شہر کے امبیڈکر اسٹریٹ میں تعمیر کئے جارہے امبیڈکر سرکل کے تعمیر ی کام کا گذشتہ روز معائنہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہمیشہ ہی سے تنقیدیں کرتی آرہی ہے اور کانگریس لیڈرس آنکھ رکھ بھی اندھوں کی طرح برتاؤ کرتے آرہے ہیں،انہیں بی جے پی کی طرف سے کی جانے والی ترقی نظر ہی نہیں آتی۔سی ٹی روی نے کہا کہ ان کے دور میں شہر سمیت حلقے کے دیگر دیہی علاقوں میں کئی ترقیاتی کام ہوئے،مگر کانگریس کا ہمیشہ ایک ہی سوال رہاہے کہ بی جے پی نے کیاکیاہے؟۔ کانگریس کے اس سوال کا جواب ووٹروں نے سٹی منسپل کونسل انتخابات میں دے دیا۔ترقیاتی اور تعمیری کاموں کے تعلق سے تنقیدیں کرنے والوں کو اس بات سے واقف ہوناچاہئے کہ میڈیکل کالج کی تعمیر ترقیاتی کاموں میں شامل ہے یانہیں۔ کڈو ر -چکمگلور شاہراہ کا تعمیری کام بھی انہیں نظر نہیں آرہاہے،کیوں کہ یہ لوگ آنکھ ہوتے ہوئے بھی اندھوں میں شامل ہیں۔قریوں میں سیمنٹ روڈ ز کس نے تعمیر کروائے؟کسی ایک قریے میں بھی کانگریس کی طرف سے کانکریٹ روڈ تعمیر کرنے کا ثبوت پیش کریں۔6سالہ دور میں ایک بھی ترقیاتی کام کیلئے فنڈ فراہم نہ کرنے والوں کو کوئی ترقیاتی کام نظر نہیں آسکتا یہ بات سچ ہے۔سی ٹی روی نے سوال کیاکہ اگر حلقے میں ترقیاتی کام نہیں کئے گئے ہوتے تو سٹی منسپل کونسل میں پارٹی کو اتنے بڑے پیمانے پر کامیابی کیسے ممکن ہوسکتی تھی۔تمل ناڈو کیلئے میڈیکل کالج منظور کئے جانے کے معاملے کو لے کر تنقید کرنے والوں کو یہ بات بھی معلوم ہونی چاہئے کہ کرناٹک کیلئے بھی میڈیکل کالج منظور کیاگیاہے۔ جس ضلع میں میڈیکل کالج نہیں ہے،وہاں میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ حکومت نے کیا ہے،اس کے تحت جنہوں نے بھی زمین فراہم کرکے میڈیکل کالج کے قیام کی تجویز پیش کی ہے انہیں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے منظوری دی گئی۔ چکمگلور،چکبالاپور،یادگیر،ہاویری سمیت 5میڈیکل کالجوں کے قیام کیلئے ریاست کرناٹک میں منظوری دی گئی ہے۔رکن اسمبلی نے کہا کہ 50سالوں میں جوکام کانگریس کی طرف سے ممکن نہیں ہوسکے ہیں صرف 7سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کردکھائے ہیں۔ریلوے،قومی شاہراہ،ایرپورٹ سبھی کی ترقی ہوئی ہے۔تمل ناڈو اور کیرلا میں ایک بھی لوک سبھا حلقے میں بی جے پی کامیاب نہیں ہوئی،مگر نریندرمودی نے ترقیاتی کاموں کے معاملے میں کسی بھی طرح کی سیاست کو موقع نہیں دیاہے اور کسی بھی ریاست کے ساتھ ناانصافی نہیں کی۔ سیاست میں امتیاز برتنا کانگریس کی پرانی روایت رہی ہے،مگر ترقی کے معاملے میں ملک بھر کے عوام کو ایک نظرسے دیکھنابی جے پی اور نریندرمودی کی عادت ہے۔اس موقع پر ایچ ڈی تمیا،کرشنپا،کنک راج ارس،وینکٹیش،ہمپیاکے علاوہ سٹی منسپل کونسل کے انجینئر چندن موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links