محمد شامی کی بدولت جنوبی افریقہ کی پہلی انگز197رن پرڈھیر

سنچورین، 28 دسمبر (یو این آئی)ہندوستان نے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن آخری سیشن میں جنوبی افریقہ کو 197 رن پر آؤٹ کرنے کے بعد پہلی اننگز میں 146 رن کی برتری حاصل کر لی۔ ہندوستان کی جانب سے محمد شامی بہترین گیند باز رہے جنہوں نے 16 اوورز میں 44 رن دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیمبا باوما نے 103 گیندوں پر 52 رن بنائے۔قبل ازیں تیز گیند باز لونگی اینگدی (71رن پر 6 وکٹ)کی خطرناک گیندبازی کی بدولت ہندستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن منگل کے روزپہلی اننگز میں 105.3 اوور میں 327 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اینگدی نے خطرناک گیند بازی کرتے ہوئے 24 اوورز میں 71 رن دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ہندوستان نے آج پہلے دن کا اسکور تین وکٹ پر 272 رن سے شروع کیا، لیکن اینگدی اور کیگیسو ربادا کی تیز گیند باز جوڑی نے صبح کے سیشن میں ہی ہندوستانی ٹیم کو سمیٹ دیا۔ اچھی حالت میں ہونے کے باوجود ٹیم انڈیا صرف 55 رنوں کا اضافہ ہی کرسکی۔ہندستان کو 278 کے اسکور پر پہلا جھٹکا فارم کے لئے جدوجہد کررہے لوکیش راہل کی صورت میں لگا جو ربادا کی گیند پر وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور 123 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ راہل نے 260 گیندوں میں 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 123 رن بنائے۔اس کے بعد اینگدی نے رہانے کو اپنا شکار بنایا،۔ وہ بھی آج صرف آٹھ رن ہی بنا سکے اور 102 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 48 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 291 کے اسکور پر یہ ہندوستان کی پانچویں وکٹ تھی۔ اس کے بعد وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مڈل آرڈر اور لوئر آرڈر اینگدی اور ربادا کی خطرناک گیند بازی کے سامنے تاش کے پتوں کی طرح بکھر گیا۔ وکٹ کیپر رشبھ پنت آٹھ، روی چندرن اشون چار، شاردول ٹھاکر چار، محمد شامی آٹھ اور جسپریت بمراہ 14 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔اینگدی کے علاوہ ربادا نے 26 اوورز میں 72 رن دے کرتین اور مارکو جینسن نے 18.3 اوورز میں 69 رن پر ایک وکٹ لیا۔