میانمار کی معزول رہنما آنگ سان سوچی کو4سال قید کی سزا

RushdaInfotech December 7th 2021 urdu-news-paper
 میانمار کی معزول رہنما  آنگ سان سوچی کو4سال قید کی سزا

ینگون: 6دسمبر (ایجنسی) میانمار کی ایک خصوصی عدالت نے ملک کی معزول رہنما آنگ سان سوچی کو دو مقدمات میں چار سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ حکام کے مطابق سوچی کو یہ سزا اشتعال انگیزی اور کورونا وائرس کی پابندیوں کی خلاف ورزی کا مجرم قرار پانے پر سنائی گئی ہے۔ خصوصی عدالت نے میانمار کے سابق صدر ون مینٹ کو بھی چار سال کی سزا سنائی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کی جنتا کے ترجمان زا من تان نے کہا ہے کہ آنگ سان سوچی کو دفعہ 505 (بی) کے تحت دو سال اور نیشنل ڈیزاسٹر لا کے تحت دو سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان کے بقول سابق صدر ون مینٹ کو بھی انہیں الزامات کے تحت چار سال کی سزا سنائی گئی ہے البتہ انہیں ابھی جیل نہیں لے جایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سزا پانے والے اس وقت دارالحکومت نے پی تاؤ میں موجود ہیں اور وہ وہیں سے دیگر الزامات کا سامنا کریں گے۔ البتہ انہوں نے اس سے متعلق مزید تفصیل نہیں بتائی۔خیال رہے کہ میانمار میں یکم فروری کو فوج نے اقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے 76 سالہ نوبیل انعام یافتہ آن سان سوچی کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور پارٹی رہنماؤں کو قید کر دیا تھا۔خبر رساں ادارے کے مطابق آنگ سان سوچی کو جن دو کیسوں میں سزا سنائی گئی ہے ان میں سے ایک کیس غلط یا اشتعال انگیز معلومات پھیلانا اور دوسرا کورونا وائرس کی پابندیوں کو توڑنے سے متعلق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ لا کی خلاف ورزی کا ہے۔


Recent Post

Popular Links