جامع حکومت جلد تشکیل دینے کا طالبان کو یوروپین یونین کا مشورہ

کابل-30نومبر(ایجنسی) یورپی یونین کے وفد نے دوحہ میں طالبان سے ملاقات کی اور گروپ پر زور دیا کہ وہ ایک جامع حکومت کی جانب تیزی سے بامعنی اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جو افغان معاشرے کی خوشحالی کی نمائندگی کرے۔ ایک بیان میں، یورپی یونین کے وفد نے جمہوریت کی اہمیت پر زور دیا اور طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ کسی بھی ممکنہ آئینی اصلاحات کو شفاف اور شراکتی عمل کے ذریعے نافذ کریں۔وفد نے نے طالبان کی عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک ایسی جامع حکومت کی تشکیل کے لیے تیز، بامعنی اور ٹھوس اقدامات کرے جو افغان معاشرے کی نسلی، سیاسی اور مذہبی وابستگیوں کے لحاظ سے خوشحالی کی نمائندگی کرے اور خواتین اور مردوں دونوں کو اعلی عہدوں پر رکھا جائے۔ یہ بیان دوحہ میں طالبان اور یورپی یونین کے نمائندوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے۔بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ دریں اثنا، یورپی یونین کے وفد نے کہا کہ یورپی یونین افغان خواتین، مردوں اور بچوں کے لیے انسانی امداد جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے-
دونوں فریقوں نے ایک خودمختار افغانستان کی علاقائی سالمیت کے لیے اپنے عزم کا اظہار بھی کیا۔