صرف ویکسین پر منحصر نہ رہیں! کورونا کے نئے ویری ینٹ اومیکرون کے پھیلنے کی رفتار ڈیلٹا سے دوگنی

RushdaInfotech November 29th 2021 urdu-news-paper
صرف ویکسین پر منحصر نہ رہیں! کورونا کے نئے ویری ینٹ اومیکرون کے پھیلنے کی رفتار ڈیلٹا سے دوگنی

نئی دہلی-28نومبر(ایجنسی) جنوبی افریقہ میں پائے جانے والے کورونا کے نئے ویری ینٹ اومیکرون نے دنیا بھر میں ایک مرتبہ پھر دہشت پیدا کر دی ہے- امریکہ سمیت کئی ممالک نے غیر ملکی مسافروں پر پابندی عائد کر دی ہے اور ہندوستان میں بھی اس ویری ینٹ کے پیش نظر اقدامات لئے جا رہے ہیں -میڈیا رپورٹ کے مطابق اومیکرون جنوبی افریقہ، بلجیم، ہانگ کانگ، بوتسوانا سمیت کئی ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے- کورونا کے اس نئے ویری ینٹ کو کورونا کی دوسری لہر میں ہندوستان میں تباہی مچانے والے ڈیلٹا ویری ینٹ سے زیادہ خطرناک قرار دیا جا رہا ہے- تشویش ناک بات یہ ہے کہ اومیکرون کے30زیادہ میوٹیشن کی دریافت کی جا چکی ہے جبکہ ڈیلٹا ویری ینٹ کے صرف 15میوٹیشن ہی پائے گئے تھے، لہٰذا یہ ویری ینٹ زیادہ مہلک ثابت ہو سکتا ہے- عالمی ادارہ صحت نے بھی اس ویری ینٹ کو تشویش ناک قرار دے دیا ہے-میدانتا میڈی سٹی کے چیئرمین اور مشہور ماہر امراض قلب ڈاکٹر نریش تریہن نے آج تک سے بات کرتے ہوئے لوگوں کو محتاط رہنے کی صلاح دی ہے اور کہا ہے کہ ویکسین کی امیونٹی پر منحصر نہ رہیں - انہوں نے کہاکہ خدشہ ہے کہ کہیں یہ ویری ینٹ ویکسین سے حاصل شدہ قوت مدافعت پر حاوی نہ ہو جائے- تاہم، اچھی بات یہ ہے کہ کورونا کے اس نئے ویری ینٹ کا آر ٹی پی سی آر کے ذریعے پتا لگایا جا سکتا ہے-ڈاکٹر تریہن نے کہاکہ اومیکرون ویری ینٹ کے حوالہ سے انتباہ مل گیا ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ حکومتیں، ڈاکٹرز، ہیلتھ کیئر ورکرز سمیت دوسرے ذمہ دار لوگ یکجا ہو کر منصوبہ بندی کریں - مثلاً نئے ویری ینٹ سے نبردآزما ممالک سے آنے والے مسافروں پر فوری پابندی عائد کی جانی چاہئے- یعنی دسمبر سے بحال ہونے جا رہی بین الاقوامی پروازوں پر از سر نو غور کرنا ہوگا-ڈاکٹر تریہن کے مطابق کورونا کیسوں کے کم ہونے کی وجہ سے ملک میں لوگوں نے پھر شادی، پارٹی اور عوامی مقامات پر بغیر ماسک پہنے جانا شروع کر دیا ہے لیکن اب سبھی کو کورونا بحران کے وقت والی احتیاط برتنی ہوگی- اگر چار-چھ ہفتے ماسک سمیت کورونا سے متعلق دوسرے اصولوں پر صحیح طریقہ سے عمل کیا جائے تو خطرہ کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے-


Recent Post

Popular Links