10/دسمبر کو ہورہے قانون ساز الیکشن کے لئے کانگریس کی مہم

RushdaInfotech November 28th 2021 urdu-news-paper
10/دسمبر کو ہورہے قانون ساز الیکشن کے لئے کانگریس کی مہم

بنگارپیٹ۔27/نومبر (احسان اللہ۔ نامہ نگار) یہاں کے کولار روڈ پر واقع ایس این ریسارٹ میں 10/دسمبر 2021کو منعقد ہونے والے ریاستی قانون ساز کونسل انتخابات کی مہم کا انعقاد کیاگیا۔ اس مہم کا افتتاح مقامی رکن اسمبلی ایس ایس نارائن سوامی نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس انتخابات کے لئے ضلع کولار،چکبالاپور کانگریس امیدوار کی حیثیت سے انیل کمارکو ٹکٹ دیاگیا ہے۔ یہ فیصلہ سرینواس پور کے رکن اسمبلی رمیش کمار، کولار کے رکن اسمبلی سرینواس گوڑا مالور کے رکن اسمبلی بچے گوڑا، ملباگل کے سابق رکن اسمبلی کتور منجوناتھ، ایم ایل سی نصیر احمد اور دیگر لیڈرس کی موجودگی میں لایاگیا۔ ضلع کولار کانگریس کے صدر کے چندرا ریڈی آخر تک اس ریس میں شامل تھے۔ چندرا ریڈی کو اس انتخابات میں امیدوار بنانے کے لئے میں نے آخری دن تک کوشش کی لیکن افسوس ایسا نہیں ہوسکا۔ ہائی کمانڈرنے اس انتخابات کے لئے انیل کمار کے حق میں فیصلہ کیا ہے۔ اور ابھی خبر ملی ہے کہ چندرا ریڈی کانگریس پارٹی چھوڑکر بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 6/سال پہلے ریاستی قانون ساز کونسل انتخابات میں بھی کولار، چکبالاپور کانگریس امیدوار انیل کمار ہی تھے اور اس وقت انہیں شکست ہوگئی لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا کیونکہ دونوں اضلاع کے اسمبلی اراکین سے مل کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ اورمجھے یقین ہے اس بار ضرور وہ کامیابی حاصل کرلیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر بنگارپیٹ حلقے کے گرام پنچایت کے اراکین اور میونسپل کونسلرس سے مخاطب ہوکر کہاکہ اس بار بی جے پی اور جے ڈی ایس پارٹی دونوں مل کر کانگریس کو ہرانے کی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے انیل کمار کو یقین دلایا کہ بنگارپیٹ حلقے سے اس انتخابات میں ضرور اکثریت حاصل کریں گے۔ اس موقع پرانیل کمار نے کہاکہ میں گزشتہ20/ سال سے کانگریس پارٹی کی خدمت کرتا آرہا ہوں۔2010میں میں نے ضلع کولار کانگریس کے صدر کی حیثیت سے کام شروع کیا اور 2015میں مجھے ایم ایس آئی ایل چیرمین کا عہدہ بھی حاصل ہوا۔ اور میں نے عہدوں سے مستعفی ہوکر گزشتہ سال قانون ساز کونسل انتخابات میں حصہ لیا۔ لیکن افسوس اس انتخابات میں مجھے شکست ہوگئی۔ اب مجھے یقین ہے کہ اس انتخابات میں آپ سب مل کر میرا ساتھ دیں گے کیونکہ عوام بی جے پی حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ خصوصاً ضلع کولارمیں بی جے پی حکومت کی وجہ سے تمام ترقیاتی کام ٹھپ ہوگئے ہیں جب ریاست کے وزیراعلیٰ سدرامیا تھے اس وقت خصوصاً مقامی رکن اسمبلی ایس این نارائن سوامی نے کافی حد تک اس حلقے کے لئے ترقیاتی کام تیزی کے ساتھ مکمل کئے۔


Recent Post

Popular Links