وزیراعلیٰ نے بارش سے متاثرہ نہروریسرچ سنٹرکادورہ کیا

RushdaInfotech November 25th 2021 urdu-news-paper
وزیراعلیٰ نے بارش سے متاثرہ نہروریسرچ سنٹرکادورہ کیا

یلہنکا:24نومبر(سالار نیوز)گزشتہ دنوں شہر بنگلور میں ہوئی موسلا دھار بارش سے یلہنکا میں موجود جواہرلال نہرو ریسرچ سنٹر بھی زیر آب آگیاتھا۔آج وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے مقامی رکن اسمبلی وبنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی(بی ڈی اے)کے چیرمین ایس آر وشواناتھ اور بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) چیف کمشنر گورو گپتا کے ہمراہ مذکورہ سنٹر کا دورہ کیا اور بارش کے نقصانات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سنٹر کے سربراہ بھارت رتن ڈاکٹر سی این آر راؤ سے ملا قات کی اور تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سنٹر کے ڈائرکٹر جے یو کلکرنی نے بارش کی وجہ سے سنٹر کو جو نقصانات ہو ئے اس کی تفصیلات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سنٹر کی حالت کا مشاہدہ کرنے کے بعد کہا کہ آئندہ اس طرح کے حالات پیش نہ آئیں اس کیلئے درکار اقدامات کئے جائیں گے اور اس کیلئے ایک منصوبہ تیار کر کے فوری اس پر عمل کیا جا ئے گا۔اس موقع پر سنٹر کے سربراہ وبھارت رتن ڈاکٹر سی این آر راؤ نے کہا کہ 35برسوں کے دوران اس طرح کے حالات پہلی مر تبہ دیکھنے کو ملے ہیں۔اس پر وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر سی این آر راؤ کو یقین دلا یا کہ آئندہ اس طرح کے حالات پیش نہ آئیں اس کا خیال رکھا جا ئے گا۔انہوں نے بتا یا کہ مذکورہ ریسرچ سنٹر میں بارش کی وجہ سے جو نقصانات پیش آئے ہیں اس کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی افسروں کو ہدایت دی، رپورٹ ملنے کے بعدراحت کاری کاموں کو انجام دیاجا ئے گا۔دو ماہ قبل نائب صدر جمہوریہ ہند وینکیا نائیڈو کے ہمراہ انہوں نے اس سنٹر کا دورہ کیا تھا،اس وقت سنٹر کے ڈائرکٹر نے ڈرائینج کے مسئلہ کو درست کرنے کی گزارش کی تھی،جس کے بعد انہوں نے بنگلور واٹر بورڈ کے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈرائینج کے مسئلہ کو دور کر نے کیلئے فوری ایک منصوبہ تیار کریں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ اس سنٹر میں کسی بھی طرح کا کو ئی مسئلہ پیش نہ آئے اس جانب توجہ مبذول کریں گے اور سنٹر کیلئے درکار تمام سہو لتیں فراہم کی جائیں گی۔


Recent Post

Popular Links