جموں و کشمیر میں آئندہ سال ہوں گے اسمبلی انتخابات

RushdaInfotech November 25th 2021 urdu-news-paper
جموں و کشمیر میں آئندہ سال ہوں گے اسمبلی انتخابات

جموں -24نومبر(ایجنسی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے یو ٹی آرگنائزیشن جنرل سکریٹری اشوک کول نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں آئندہ برس کے اوائل یا وسط میں اسمبلی انتخابات عمل میں لائے جائیں گے۔ اننت ناگ میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کے بعد اشوک کول نے نیوز18/ اردو کے ساتھ ان باتوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے حزب اختلاف کی ان قیاس آرائیوں کو بھی خارج کیا کہ بی جے پی ہی جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کو مؤخر کرانے میں رول ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حد بندی کمیشن جلد ہی اپنی حتمی رپورٹ پیش کرے گا، جس کے بعد ہی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا جائے گا۔ اشوک کول نے کہا کہ حد بندی کمیشن کی سربراہ سپریم کورٹ کی ایک ریٹائرڈ جج ہیں اور بی جے پی کا حد بندی کمیشن کے کام کاج میں کوئی بھی عمل دخل نہیں ہے۔اشوک کول نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ لوگوں کی چنندہ سرکار بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کی کمی یقینی طور پر جموں و کشمیر میں عیاں ہے۔ لیکن یہاں کے ایل جی کے کام کاج سے لوگ مطمئن ہیں اور ایل جی انتظامیہ ہر محاذ پر کھرا اتر رہی ہے۔ اشوک کول نے کہا کہ دفعہ 370کے خاتمے کے بعد یقینی طور پر حالات میں بدلاؤ آیا ہے اور پتھر بازی کے واقعات میں نمایاں کمی اس کی ایک تازہ مثال ہے-


Recent Post

Popular Links