حرم مکی: طواف اور حجر اسود کے بوسے کی بکنگ کیلئے نئے انتظامات

RushdaInfotech November 22nd 2021 urdu-news-paper
حرم مکی: طواف اور حجر اسود کے بوسے کی بکنگ کیلئے نئے انتظامات

ریاض-21نومبر (ایجنسی)باوثوق ذرائع کے مطابق غیر معتمرین افراد کے مطاف میں اور مطاف کی تمام منزلوں پر مکمل گنجائش کے ساتھ طواف کی بکنگ سروس کا عنقریب آغاز کر دیا جائے گا- اس خدمت کا آغاز احتیاطی اقدامات سے ہم آہنگی کے ذریعے عمل میں آئے گا-مذکورہ ذرائع نے مزید بتایا کہ منظور شدہ موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے حجر اسود کو بوسہ دینے، رکنِ یمانی کے استلام اور حطیم (حجراسماعیل) کے اندر نماز کی بکنگ کی خدمت بھی شروع کی جائے گی-ذرائع کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں آنے والوں کو اعلیٰ ترین خدمات پیش کرنے کے واسطے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے- اس حوالے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کو پوری طرح نافذ کیا گیا ہے-اس سے قبل مملکت سعودی عرب نے مسجد حرام کی مکمل گنجائش کے استعمال کی اجازت جاری کی تھی- اس حوالے سے کارکنوں اور تمام زائرین کو تمام وقت ماسک لگانے کی پابندی پر کاربند رہنا ہو گا- عمرہ اور نماز کے اوقات کے حصول کے واسطے اعتمرنا اور توکلنا ایپلی کیشنز کا استعمال جاری رہے گا- اسی طرح مسجد نبوی کی بھی مکمل گنجائش کے استعمال کی اجازت دی جا چکی ہے- مسجد کے اندر تمام کارکنوں اور زائرین کو پورے وقت ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرنا ہو گا-


Recent Post

Popular Links