8نومبرسے آنگن واڑی شروع کرنے حکومت سے گرین سگنل

بنگلور۔2 نومبر(سالارنیوز) کورونا وائرس کے خدشات کے باوجودریاست بھرمیں پہلی تا12ویں جماعت کے طلبہ کیلئے اسکول اورکالج شروع کردئے گئے ہیں۔اس مرحلہ کے بعد کنڈرگارٹن کے لیے اسکول کھولنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ریاستی حکومت نے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ 8نومبر2021ء سے آنگن واڑی مراکز شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس طرح اب ریاست میں آنگن واڑی کھولنے کے لیے گرین سگنل مل گیاہے۔اس ضمن میں محکمہ برائے بہبودی خواتین واطفال کے ڈائرکٹرکی جانب سے ایک سرکلرجاری کیاگیاہے۔کووڈکے دوران آنگن واڑی مراکزتک مستفیدین کی رسائی روک دی گئی تھی اورمستفیدین کوان کے گھروں کی دہلیزتک تغذیہ بخش خوراک پہنچائی جارہی تھی۔ریاستی حکومت نے اپنے حکمنامہ میں کہاکہ 2فیصدسے کم ٹی پی آررہنے والے تعلقہ جات میں کووڈ19کے رہنماخطوط پرسختی سے عمل درآمدکرتے ہوئے اورویکسین یافتہ آ نگن واڑی ورکرس ومعاونین کے ذریعہ خدمات فراہمی کے مقصدسے دن میں دوگھنٹے تک آنگن واڑی کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔4ستمبر2021ء کوہوئے کووڈ ٹاسک فورس کمیٹی کے اجلاس میں ٹیکنیکل کمیٹی کے ماہرین نے آنگن واڑی کوازسرنوشروع کرنے کی سفارش کی تھی،جس کے پیش نظر8نومبرسے آنگن واڑی مراکزکھولے جارہے ہیں۔ آنگن واڑی مراکزکھولنے کے لیے حکومت نے شرائط عائدکی ہیں۔آنگن واڑی ورکرس ومعاونین کووڈکے دونوں ڈوزلیناہوگا۔ آنگن واڑی کے اندراورباہردونوں مقامات کی پاکی صفائی ضروری ہے۔مرکزمیں موجودفرنیچر،بچے بیٹھنے کے ڈیسک،بچوں کااستعمال کردہ جمخانہ،ڈیسک،کرسیاں،کھلونے کے سامان شروعات کے پہلے دن مکمل طورپرپاک صاف کیاجائے۔بیت الخلاء،مرکزکی زمین،درودیوار، کھڑکیاں ودیگرچیزوں کوواشنگ پاؤڈرسے دھلاجائے۔غذاتیارکرنے کے تمام سازوسامان ککر،برتن لوٹھے پاک صاف کئے جائیں۔آنگن واڑی کھولنے سے پہلے گرام پنچایات اوربال وکاس کمیٹی کے اراکین کوجانکاری دیں۔آنگن واڑی میں حاضری کے خواہشمندطلبہ کے والدین سے رضامندی کی درخواست حاصل کریں۔پہلے مرحلہ میں صبح 10بجے سے دوپہر12بجے تک آنگن واڑی مراکزکھولے جائیں۔