حیدرآبادمیں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

RushdaInfotech October 19th 2021 urdu-news-paper
حیدرآبادمیں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

حیدرآباد:18اکتوبر (یو این آئی)شہر حیدرآبادمیں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھاجارہا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں سے سبزیوں کی قیمتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی پریشان ہے۔ تازہ طورپر پیاز کی قیمتوں میں اچھال دیکھاجارہا ہے۔ 100روپئے میں 5تا6کیلو کے حساب سے فروخت کی جا نے والی پیاز، اب فی کیلو40تا50روپئے میں فروخت ہورہی ہے۔ قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سے عام آدمی پریشان ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع سے حیدرآباد کو ٹماٹر کی فراہمی میں شدید کمی آئی ہے۔ حالیہ بارش کی وجہ سے فصلوں کونقصان ہوا ہے اور طلب کی تکمیل نہیں ہوپارہی ہے۔موجودہ طورپر ریٹیل مارکٹ میں ایک کلو ٹماٹر کی قیمت60سے70روپے کے لگ بھگ ہے۔حیدرآباد کے بازاروں میں عام طور پر روزانہ 150سے180لاری ٹماٹر درآمدکیاجاتا ہے لیکن اب تاجروں کا کہنا ہے کہ فصلوں کے نقصان کی وجہ سے یومیہ 80لاریاں بھی حیدرآبادنہیں آ رہی ہیں جس کے سبب ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ درج کیاجارہا ہے۔ تاجروں نے بتایا کہ حالیہ بارش کی وجہ سے پیاز کی فصل کو بھی نقصان پہنچا ہے جس سے اس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ مہاراشٹر سے تلنگانہ کے لئے اس کی سپلائی بھی بہت کم ہوگئی ہے۔ تلنگانہ کے اضلاع میں پیازکی فصل کو بارش کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال مزید ایک ماہ تک برقراررہے گی۔


Recent Post

Popular Links