ایس پی آفس کی منتقلی کی مذمت،رکن اسمبلی کی بھوک ہڑتال ڈپٹی کمشنر سیلوامنی کی مداخلت کے بعدروپا ششی دھر نے احتجاج واپس لیا

RushdaInfotech October 19th 2021 urdu-news-paper
ایس پی آفس کی منتقلی کی مذمت،رکن اسمبلی کی بھوک ہڑتال ڈپٹی کمشنر سیلوامنی کی مداخلت کے بعدروپا ششی دھر نے احتجاج واپس لیا

کے جی ایف:18/اکتوبر(سالارنیوز)12گھنٹوں تک مسلسل خامو ش احتجاج (بھوک ہڑتال)کررہی رکن اسمبلی روپا ششی دھر کو منانے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سیلوامنی نے کامیابی حاصل کرلی۔جوس پی کر رکن اسمبلی نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کی۔ڈپٹی کمشنر احتجاج کی اطلاع پاکر موقع پر پہنچے اور کہاکہ انہوں نے ریاست کے چیف سکریٹری کے ساتھ بات چیت کی ہے،وزیر اعلیٰ،بنگلور میں نہیں ہیں اور مسلسل سرکاری چھٹیاں ہونے کی وجہ سے اس معاملے میں فوری فیصلہ ممکن نہیں ہوسکاہے۔یہ مسئلہ سنگین ہے ا س معاملے میں فیصلے کیلئے حکومت کو وقت درکار ہے۔صبح 10بجے سے شام 6بجے تک احتجاج کیلئے وقت طلب کرکے منظوری حاصل کی گئی ہے،قانون کی خلاف ورزی نہ کریں احتجاج واپس لیں۔حکومت کی سطح پر بات چیت کرکے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔وجئے نگر ضلع کیلئے نئے سپرنٹنڈنٹ کا تقرر عمل میں لایاگیاہے اس معاملے کو لے کر الجھن میں پڑنے یا خوف زدہ ہوئے کی ضرورت نہیں ہے۔کے جی ایف پولیس ضلع کے سپرنٹنڈنٹ دفتر میں کام انجام دے رہے عملہ سمیت ریزرو آرمڈ پولیس کے 148/افراد عملہ کو نئے ضلع وجئے نگر کیلئے منتقل کئے جانے کے احکامات جاری ہوچکے ہیں،جس کی مذمت کرتے ہوئے رکن اسمبلی روپاششی دھر کی قیادت میں سینکڑوں کانگریس کارکنوں نے شہر کے گاندھی سرکل میں ہاتھوں کو کالی پٹیاں باندھ کر خاموش احتجاج کیا۔اس موقع پر رکن اسمبلی روپاششی دھر نے کہاکہ کے جی ایف شہر میں گولڈ مائنس ہونے اور تین ریاستوں کی سرحد و ں کا ملن ہونے کی وجہ سے جرائم کے معاملات میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے اس کے پیش نظر مرکزی حکومت نے کے جی ایف کو ریاست بھر میں الگ مقام دیتے ہوئے کے جی ایف پولیس ضلع کا قیام عمل میں لایاتھا اور اس کیلئے علاحدہ ایس پی مقرر کرکے علاقے کو تحفظ فراہم کیاتھا۔2001میں بھارت گولڈ مائنس بند ہوجانے کے بعدیہاں بے روزگاری کا مسئلہ بڑھنے لگاہے اور شہر بھی بڑھنے لگاہے۔بی ای ایم ایل کی 973/ایکڑ زمین کو واپس لے کر انڈسٹریل ہب قائم کرنے کا منصوبہ بنایاگیاہے اور اسی حلقے کی حدود سے چینئی کاریڈار ایکسپریس ہائی وئے بھی گذرے گا ایسے میں اچانک ایس پی آفس بند کردئے جانے سے لااینڈ آرڈر کا مسئلہ کھڑا ہو سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے رکن اسمبلی کی یادداشت قبول کی اور اسے حکومت تک پہنچانے کا تیقن دیا۔اس موقع پر بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر رادھاکرشناریڈی،مدوملائی، اے پی ایم سی صدر وجئے راگھویندراریڈی، وجئے شنکر،سٹی منسپل کونسل کے صدر ولل منی سوامی،کونسلر کروناکرن، جرمن،وینوگوپال،شانتی، شرینواس، سبھاش، صادق، بالاجی اور دیگر موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links