ہریانہ میں ماب لنچنگ طالب علم کو پیٹ پیٹ کر مارڈالا رحم کی بھیک مانگتا رہا،حیوانوں نے ایک نہ سنی،پانی پلاپلاکر مارتے رہے

RushdaInfotech October 14th 2021 urdu-news-paper
ہریانہ میں ماب لنچنگ طالب علم کو پیٹ پیٹ کر مارڈالا  رحم کی بھیک مانگتا رہا،حیوانوں نے ایک نہ سنی،پانی پلاپلاکر مارتے رہے

گروگرام:13/اکتوبر(ایجنسی)ہریانہ کے مہندر گڑھ میں ایک پسماندہ ذات کے طالب علم کی بے رحمی سے لاٹھی،ڈنڈے سے پٹائی کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ حملے میں زخمی طالب علم نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ وائرل ویڈیو میں بدمعاش حملہ کرنے کے ساتھ ہی بیچ بیچ میں طالب علم کو پانی بھی پلاتے نظرآ رہے ہیں۔یہ واردات 9/اکتوبر کی ہے، لیکن ویڈیو اب سامنے آئی۔ اس معاملے میں مہندر گڑھ پولیس نے نصف درجن نامزد سمیت کئی لوگوں پر قتل کا کیس درج کرلیا ہے۔ ایک ملزم وکی عرف فکرا کو گرفتار کیاگیا ہے۔ کورٹ نے اسے دو دن کی ریمانڈ پر بھیجا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی گورو کی موت کی وجہ بے رحمی سے ہوئی پٹائی ہی سامنے آئی ہے۔مہندر گڑھ ضلع کے گاوں بوانا کا رہائشی 18 سالہ گورو یادو 9 /اکتوبر کی دوپہر مہندر گڑھ سے بائک پر اپنے گھر لوٹ رہا تھا۔ تبھی اسے راستے میں گاؤں مالڑا میں نہر کے پاس روی، کپتان، اجے اورموہن سمیت 10سے زیادہ لوگوں نے روک لیا۔ اس سے پہلے کہ گورو کچھ سمجھ پاتابدمعاشوں نے اسے چاروں طرف سے گھیر لیا۔ایک ملزم واقعہ کی ویڈیو بنا رہا تھا، باقی لوگ گورو پر لاٹھی ڈنڈوں کی برسات کرنے لگے۔ اسے بچانے کیلئے ایک شخص آتاہے، جسے ملزم وہاں سے ہٹا دیتے ہیں۔گورو ہاتھ جوڑ کر رحم کی بھیک مانگتا رہا، لیکن ملزم اس پر حملہ کرتے رہے۔ ملزم کچھ دیر رکنے کے بعد گورو کو پانی پلاتے اور پھر پیٹنا شروع کردیتے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کے بعد بدمعاش اسے ایک ہوٹل کے پیچھے لے گئے۔ یہاں بھی گورو کو بری طرح پیٹا گیا۔ کچھ دیر بعد ملزم اسے بیہوش چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ گورو کے اہل خانہ اسے اسپتال لے گئے، جہاں اسی دن اس کی موت ہوگئی۔ذرائع کے مطابق 15 ستمبر کوعلاقے میں دیوی جاگرن ہو رہاتھا۔ یہاں گورو اور روی عرف لنگڑا کے درمیان کسی بات پر کہا سنی ہو ئی تھی۔ وائرل ویڈیو میں بھی روی ہی بے رحمی سے مار پیٹ اور گالی گلوچ کرتا نظر آرہاہے۔ پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے 3/الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔کچھ دن پہلے اسی طرح کی ایک ویڈیو راجستھان کے ضلع ہنومان گڑھ کے پیلی بنگا کے پریم پورہ میں منظر عام پر آتھی۔ اس وائرل ویڈیو میں بھی حملہ آور متاثرہ کو بیچ بیچ میں پانی پلا کر مارتے نظر آرہے تھے۔


Recent Post

Popular Links