لکھیم پور معاملہ:کانگریس کے وفد کی آج صدر سے ملاقات

RushdaInfotech October 13th 2021 urdu-news-paper
لکھیم پور معاملہ:کانگریس کے وفد کی آج صدر سے ملاقات

نئی دہلی۔ 12 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی کا ایک وفد چہارشنبہ کے روز صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کرے گا اور لکھیم پور واقعہ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجائی مشرا کو برخاست کرنے کا مطالبہ کرے گا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے دو دن قبل مسٹر گاندھی کی قیادت میں صدر سے ملاقات کا وقت مانگتے ہوئے کہا کہ لکھیم پور واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ حکومت مجرموں کو بچانے کا کام کر رہی ہے، اس لیے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی کا وفد ان سے ملنا چاہتا ہے، جو لکھیم پور واقعے کے بارے میں ان سے بات کرکے انہیں ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کرے گا۔صدر دفتر نے مسٹر وینوگوپال کو مطلع کیا ہے کہ کانگریس وفد کو بدھ کی صبح 11.30 بجے ملاقات کا وقت ملا ہے۔ مسٹر راہل گاندھی کے علاوہ وفد میں سابق مرکزی وزیر اے کے انٹونی، راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر ملیکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، سینئر لیڈر غلام نبی آزاد، پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور کے سی وینوگوپال شامل ہوں گے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ لکھیم پور واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کسانوں کو روندنے والی گاڑی کو ریاستی وزیر داخلہ اجے مشرا کا بیٹا چلارہا تھا، لیکن حکومت اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ اس واقعہ نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کو اس واقعہ کا ذمہ دار مانا جا رہا ہے لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔


Recent Post

Popular Links