بچوں کو ’کو ویکسین‘ کے ٹیکے لگانے کو منظوری 2تا18سال کے بچوں کو ویکسین دینے کے لئے دواکی تیاری زروں پر ہوگی

RushdaInfotech October 13th 2021 urdu-news-paper
بچوں کو ’کو ویکسین‘ کے ٹیکے لگانے کو منظوری 2تا18سال کے بچوں کو ویکسین دینے کے لئے دواکی تیاری زروں پر ہوگی

نئی دہلی۔ 12 /اکتوبر (یو این آئی) انڈین ڈرگز اینڈ کنٹرولر جنرل نے منگل کے روز ہندوستان میں تیار کووِڈ ٹیکے - کوویکسین کو 2 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو لگانے کی منظوری دے دی۔یہ منظوری ہنگامی استعمال کے لیے دی گئی ہے اور توقع ہے کہ اس کا استعمال رواں ماہ کے آخر تک شروع ہو جائے گا۔انڈیا بائیوٹیک کی تیار کردہ کوویکسین کے ستمبر میں بچوں پر تین ٹرائل مکمل ہوچکے ہیں۔یہ ٹرائل مختلف عمر کے زمروں کے پانچ سے زیادہ بچوں پر کئے گئے تھے۔ ان سے متعلق تفصیلی رپورٹ رواں ماہ کے شروع میں ڈرگس اینڈ کنٹرولر جنرل آف انڈیا کو سونپ دی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق تفصیلی مطالعہ کے بعد متعلقہ کمیٹی نے دو سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے ویکسین کی منظوری کا فیصلہ کیا۔ بچوں پر کوویکسین کے ٹیکے کا اثر تقریباً وہی رہا جیسا بڑے لوگوں پر رہا۔ بچوں کو یہ ویکسین دو خوراکوں میں 20 دن کے وقفے سے دی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ ویکسین بنانے والی کمپنی کو بچوں پر کوویکسین کے اثرات کا مطالعہ جاری رکھنا ہوگا اور صارفین کو متعلقہ رپورٹس دینی ہو گی۔اس دوران ملک میں کووِڈ ٹیکہ کاری کا دائرہ مسلسل بڑھتا جارہا ہے اور یہ 96 کروڑ سے تجاوز کرگیا ہے۔ ملک میں 18 سے زیادہ عمر کے تقریباً 75 فیصد آبادی کو کووِڈ کے ٹیکہ لگائے جاچکے ہیں۔کووڈ ٹیکہ بنانے والی ہندستانی بھارت بایوٹیک نے منگل کو کہاکہ بچوں کے لئے ویکسین ٹیکہ کی جلد تیاری شروع ہوگی۔بھارت بایوٹیک نے یہاں کہا کہ ڈرگس کنٹرول جنرل آف انڈیا کی ماہرین کی کمیٹی نے دو سے 18برس کی عمر کے بچوں میں کووڈ وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے کوویکسین ٹیکہ کو منظوری دے دی ہے۔ کمپنی نے اس کے لئے تفصیلی مطالعہ فراہم کرایا تھا۔ کمپنی نے کہاکہ اس عمر کے زمرہ میں یہ دنیا میں پہلا کووڈ ٹیکہ ہے۔کمپنی نے کہاکہ دیگر متعلقہ ریگولیٹریز سے اجازت ملنے کے بعد بچوں کے لئے کو ویکسین ٹیکہ کی تیاری کی جائے گی اور اسے بازار میں دستیاب کرادیا جائے گا۔


Recent Post

Popular Links