فیس بک کی سرویس معطلی اندرونی غلطی یا تخریبی عمل؟

نیویارک۔ 5/اکتوبر (آئی این ایس) فیس بک نے اپنی سرویس کی تقریباً چھ گھنٹوں کی بندش کا الزام کنفیگریشن میں غلط تبدیلی پر لگایا ہے، جس کی وجہ سے کمپنی کے ساڑھے تین ارب صارفین واٹس ایپ، انسٹاگرام اور میسنجر استعمال کرنے سے محروم ہو گئے تھے۔ بلوم برگ کے مطابق سروس کی بندش کی وجہ سے فیس بک کے اسٹاکس 4.9 فیصد گرے جس سے کمپنی کے بانی مارک زکربرگ کو سات ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔پیر کی رات کو ایک بلاگ پوسٹ میں فیس بک نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ کنفیگریشن یا ترتیب میں تبدیلی کس نے کی، نہ یہ بتایا کہ یہ پہلے سے طے تھی یا نہیں۔فیس بک کے کچھ ملازمین نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ سروس کی بندش کی وجہ انٹرنیٹ ٹریفک کو سسٹم تک پہنچانے کی کوئی اندرونی غلطی ہے۔ اس کے علاوہ ملازمین کا کہنا تھا، اندرونی روابط کے آلات کی ناکامی اور نیٹ ورک سے متعلق دیگر خرابیوں نے مسئلے میں اضافہ کر دیا۔سکیورٹی ماہرین کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ کمپنی میں کام کرنے والے کسی شخص سے نادانستہ طور پر کوئی غلطی ہو گئی ہو۔اپنے بلاگ میں فیس بک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارا ماننا ہے اس بندش کی بنیادی وجہ کنفیگریشن میں غلط تبدیلی ہے۔فیس بک کی سروس معطلی اپنی نوعیت کی سب سے طویل بندش ہے جسے آج تک ویب مانیٹرنگ گروپ ڈاؤن ڈیٹکٹر نے ٹریک کیا ہو۔یہ بندش کچھ دنوں کے اندر اندر فیس بک کا دوسرا بڑے پیمانے کا نقصان ہے۔