پسماندہ طبقات کے لوگ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں دیونہلی میں منعقدہ گانیگا طبقے کے ایک روزہ ورکشاپ سے سدارامیا کا خطاب

RushdaInfotech October 5th 2021 urdu-news-paper
پسماندہ طبقات کے لوگ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں  دیونہلی میں منعقدہ گانیگا طبقے کے ایک روزہ ورکشاپ سے  سدارامیا کا خطاب

دیونہلی: 4/اکتوبر(سالارنیوز)پسماندہ طبقہ کہلانے والے گانیگاسماج کے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے اور انہیں سماجی اور سیاسی شعبے میں آگے لانے کی کوشش کریں۔یہ بات سابق وزیر اعلیٰ وریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے کہی۔انہوں نے یہاں چک سنے گیٹ کے قریب واقع ایس ایس بی کنونشن ہال میں منعقدہ گانیگاطبقے کے ایک روزہ ورکشاپ کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ پسماندہ طبقات کو سب سے پہلے موقع فراہم کرنے اور نمائندگی دینے والے میسور کے مہاراجہ نالواڈی کرشناراجہ وڈیر تھے،جن کے بعد آنجہانی ڈی دیوراج ارس نے اپنے دور اقتدار میں ریزرویشن نظام جاری کیا۔ سدارامیا نے کہاکہ پسماندہ طبقات کے لوگوں کی طرف سے کنونشن منعقد کرنا غلط نہیں ہے، مگر ترقی یافتہ طبقات کے لوگوں کی طرف سے کنونشن منعقد کرناغلط ہے۔پسماندہ طبقات میں شامل گانیگاطبقے کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور سماجی،سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط بنانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہاکہ راجیوگاندھی نے دستورہند کی 73/اور74ویں ترمیم کے ذریعے خواتین اور پسماندہ طبقات کے لوگوں کو ریزرویشن فراہم کیاتھا،جس کے تحت خواتین کو سیاسی طورپر زیادہ نمائندگی ملی ہے۔کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کون شخص کس طبقے کا ہے،یہ اہم نہیں ہے،اس کی انسانیت، چال چلن اوراس کے اصولوں کی بنیاد پر ہی اسے مقبولیت حاصل ہوگی۔ پسماندہ طبقات میں بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد اور بارسوخ،باصلاحیت اورتجربہ کارسیاستدان موجود ہیں۔گانیگا طبقے کو چاہئے کہ تعلیمی،سماجی اور سیاسی او ر معاشی طورپر آگے بڑھنے کی کوشش کرے۔اس طبقے کے ہر مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ہر مرحلے میں کانگریس پارٹی گانیگا طبقے کا تعاون کرے گی۔کرناٹک لجسلیٹیوکونسل کے سابق چیرمین وی آر سدرشن نے خیرمقدم کیااور کنونشن کے انعقاد کا مقصد اور گانیگا طبقے کے دیگر معاملات کے بارے میں تفصیل پیش کی۔ وینو گوپال نے اس موقع پر کہاکہ آئندہ دنوں کانگریس حکومت اقتدار پر آئے تو گانیگاطبقے کو سیاسی نمائندگی دینی ہوگی اور گانیگاسماج کی ترقی کیلئے کارپوریشن کا قیام عمل میں لایاجائے۔رکن اسمبلی ایم ڈی لکشمی نارائن،دیونہلی ٹاؤن منسپل کونسل کی صدر ریکھاوینوگوپال اور دیگر موجود تھے۔ہاسن کے ماہر تعلیم بسوراج،ایس ایل این چاری ٹیزکے صدر کیمپنا،کولار کے جیوتی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ذمہ دار رادھاکرشنا،منگلور کے وشواس داس،ریاستی گانیگافیڈریشن کے صدر وجئے کمار،کے پی سی سی لیگل سیل کی کوآرڈی نیٹر ڈی وی لکشمی نے بھی خطاب کیا۔


Recent Post

Popular Links