ڈرگس کیس: شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو 7اکتوبر تک این سی بی کی کسٹڈی میں بھیجا گیا

ممبئی:4 اکتوبر(ایجنسی) ڈرگس کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو عدالت نے سات اکتوبر تک این سی بی کی کسٹڈی میں بھیج دیا ہے۔ این سی بی نے عدالت سے گیارہ دنوں کی کسٹڈی کی مانگ کی تھی۔ معاملہ کی سماعت کے دوران شاہ رخ خان کے منیجر اور ان کے گارڈ عدالت میں موجود تھے۔ اس سے پہلے ایڈیشنل میٹروپولیٹن مجسٹریٹ آر کے راجے نے اتوار کو آرین خان کو ایک دن کیلئے این سی بی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔اس سے پہلے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اتوار کو دعویٰ کیا تھا کہ اس کے پاس ممبئی کے ساحل سے دور کروز جہاز سے ضبط ڈرگس کے معاملہ میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سمیت گرفتار تینوں ملزموں اور ڈرگس اسمگلروں کے درمیان تعلقات ثابت کرنے کیلئے ثبوت ہیں۔آرین خان اور دو دیگر منمن دھمیچا اور اباز مرچنٹ کو اتوار کی شام کو گرفتار کیا گیا اور ایڈیشنل میٹروپولیٹن مجسٹریٹ آر کے راجے بھوسلے کی خصوصی تعطیلی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں ایک دن یعنی چار اکتوبر تک این سی بی کی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔