میسو رمیں موسلا دھار بارش فائیو لائٹ سرکل کے قریب درخت آٹو رکشا ء پر گرا:ڈرائیور ہلاک

میسور: 2/ا کتوبر (پیر پاشاہ) بروز جمعرات شام 5-00 بجے میسور میں موسلا دھار بارش ہوئی جو شام7.30بجے تک جاری رہی۔ بارش کی وجہ سے میسور کے فائیو لائٹ سرکل میں ایک بڑا درخت ایک آٹو رکشاپر گر پڑا جس کی وجہ سے آٹو رکشاکے ڈرائیور اعجاز احمدکی موت واقع ہوگئی جو حلیم نگر کے رہنے والے تھے۔ اعجاز احمد اپنی آٹو میں سینٹ فلومناس چرچ سے مسافروں کولے کر فائیو لائٹ سرکل کی جانب روانہ ہوئے۔ عین اسی موقع پر فائیو لائٹ سرکل کے قریب ایک بڑا درخت آٹو رکشا پر گر پڑاجس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوگئی، لیکن معجزاتی طور پر آٹو رکشا ء میں سوار مسافر بچ گئے۔ اطلاع پاکر پولیس کی ٹیم، فائر اینڈ سرویس اہلکار اور میسور سٹی کاپوریشن کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی۔ آٹو رکشاپر گرے ہوئے درخت کو ہٹانے کے بعد آٹو رکشاء ڈرائیور اعجاز احمد کو نکالا گیا اور فور اً سرکاری کے آر اسپتال کو منتقل کیا گیا۔ دوسرے دن بروز جمعہ صبح10.30بجے کے آر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا اور میت خاندان والوں کے حوالے کردی گئی۔ بعد نماز جمعہ میسور کے حلیم نگر میں واقع مسجد اکبری میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے 5لاکھ روپئے معاوضہ منظور کیا گیا۔ حلقہ نرسمہاراجہ کے رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر تنویرسیٹھ نے اعجاز احمد کے مکان پر پہنچ کر ان کی بیوہ اور دونوں بچوں کودلاسہ دیا اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ 5لاکھ روپیوں کے چیک کو اعجاز احمد کی بیوہ کے حوالے کیا۔ اس موقع پر میسور کے ڈپٹی مئیر انور بیگ، جنتا دل (یس) کے قائد عبدالعزیز عبداللہ، شفیع، حضرت حلیم پاشاہ قادری ؒ درگاہ کی مجلس منتظمہ کے صدر امتیاز احمد، سکریٹری عبدالجبار، ذمہ دار مقبول احمد، علاقے کی کارپوریٹر ریشما بانو، عبدالقادر شاہد اور دوسرے کئی قائدین اور سماجی کارکن اس موقع پر موجود تھے، یس ڈی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے بھی ایس ڈی پی آئی کے کارکنوں کے ہمراہ اعجاز احمد کی بیوہ سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیا۔ میسور سٹی کارپوریشن کے مسلم کارپوریٹروں نے مل کر میسور سٹی کارپوریشن کی جانب سے رعایت کے ساتھ ایک آٹو رکشا دلوانے کا وعدہ کیا ہے اور مرحوم کے فرزند کو میسور سٹی کارپوریشن میں ملازمت دلوانے کیلئے کوشش کی جارہی ہے۔