مضبوط واپسی بہت معنی رکھتی ہے:دھونی

شارجہ، یکم اکتوبر (یو این آئی) چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے جمعرات کے روز یہاں آئی پی ایل میچ میں سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) کو شکست دینے کے بعد کہا کہ یہ بات بہت معنی رکھتی ہے، کیونکہ گزشتہ مرتبہ ہم نے کہا تھا کہ ہم مضبوطی کے ساتھ واپسی کرنا چاہتے ہیں۔ دھونی نے میچ کے بعد کہا:ہم اس کے لیے مشہور ہیں اور بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا تھا۔ آپ ہمیشہ میچ نہیں جیت سکتے اور گزشتہ سیزن میں کافی کچھ ہمارے حق میں نہیں گیا تھا۔ یہ ضروری ہے کہ بہانے نہ بنائیں اور ہم نے اس سال ان چیزوں سے سبق لیتے ہوئے اچھا کیا ہے۔ کھلاڑیوں نے رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے کھیل کے تمام شعبوں کو توازن میں رکھنے کی ذمہ داری لی ہے، اس کے لیے کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کو کریڈٹ جاتا ہے۔ وکٹ پر اچھال مختلف تھی، گیند گھٹنے کی اونچائی کے بجائے سینے سے اوپر آرہی تھی اور ایک بار جب بلے باز سمجھ گئے کہ انہیں سیدھا شاٹ کھیلنا ہے تو وہ کامیاب ہوگئے۔سی ایس کے کے کپتان نے کہا کہ گیند بازوں نے گیند کو آگے سوئنگ کرنے کی کوشش کی اور جب انہوں نے اسے بہت آگے ڈالا تو انہیں سیدھے شاٹس لگے، لیکن بعد میں انہوں نے بہت اچھی طرح سے ایڈجسٹ کیا۔ میں نے گیندبازوں سے کہا کہ انہیں آج کے کھیل میں کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اگر شروع میں عام گیند رک کر آئی تو بعد میں یہ بلے پر اچھی طرح آنے لگی۔ شائقین کے بارے میں کہنے کی ضرورت نہیں جنہوں نے ہر وقت ہمارا ساتھ دیا اور مجھے خوشی ہے کہ ہم نے ان کا اعتماد ٹوٹنے نہیں دیا۔