گیل بایو ببل میں تھکاوٹ کا حوالہ دے کر آئی پی ایل سے با ہر

دبئی، یکم اکتوبر (یو این آئی) پنجاب کنگز کے جارح بلے باز کرس گیل یہاں جاری آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے کے بیچ بایو ببل میں تھکاوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے آئی پی ایل سے باہر ہو گئے ہیں۔پنجاب کنگز نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا، "بایوببل میں تھکاوٹ کی وجہ سے کرس گیل آئی پی ایل بایوببل چھوڑ رہے ہیں۔ سی پی ایل (کیریبین پریمیئر لیگ) بایو ببل اور پھر آئی پی ایل بایو ببل کا حصہ بننے کے بعد، انہوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے سے پہلے دبئی میں خود کو ذہنی طور پر تروتازہ رکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ”گیل نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے خود کو ذہنی طور پر تروتازہ رکھنے کی بات کہی ہے۔پنجاب کنگز کے ذریعہ جاری ایک ریلیز میں گیل نے کہا، گزشتہ چند مہینوں میں میں کرکٹ ویسٹ انڈیز بایو ببل، سی پی ایل بایو ببل اور پھر آئی پی ایل بایو ببل کا حصہ رہا ہوں، لیکن اب میں اپنے آپ کو ذہنی طور پر تازہ رکھنا چاہتا ہوں۔ میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی مدد کرنے پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہوں اور دبئی میں وقفہ لینا چاہتا ہوں۔ پنجاب کنگز کا شکریہ کہ انہوں نے مجھے وقت دیا۔ میری نیک خواہشات اور امیدیں ہمیشہ ٹیم کے ساتھ ہیں۔ آنے والے میچوں کے لیے نیک خواہشات۔پنجاب کنگز کے کرکٹ آپریشنز ڈائریکٹرانل کمبلے نے کہا،“ میں نے کرس کے خلاف کھیلا اور پنجاب کنگز میں انہیں کوچنگ دی ہے اور میں انہیں کئی سالوں سے جانتا ہوں کہ وہ ہمیشہ ایک مکمل پیشہ ور کھلاڑی رہے ہیں۔ ہم بحیثیت ٹیم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ گیل اپنے ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھیوں میں شامل ہونے سے پہلے دبئی میں رہیں گے۔“