ٹورنمنٹ میں رہنے راجستھان کو چنئی کے خلاف ہر حال میں جیت ضروری

ابوظہبی۔یکم اکتوبر (یو این آئی) راجستھان رائلز کو جاری آئی پی ایل سیزن میں برقرار رہنے کے لیے ہفتہ کو یہاں کھیلے جانے والے 49 ویں میچ میں ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم اور پہلے نمبر پر قابض چنئی سپر کنگز کے خلاف ہر حال میں جیت درج کرنی ہوگی۔چنئی کی فارم کے لحاظ سے راجستھان کے لیے اسے ہرانا مشکل ثابت ہوسکتا ہے، لیکن یہ ممکن نہیں ہے۔ چنئی کی ٹیم جہاں اس میچ میں بغیر کسی پریشانی کے کھیلے گی، وہیں راجستھان کی ٹیم پلے آف کی دوڑ میں رہنے کے لیے دباؤ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔یہ دونوں ٹیموں کے لیے اس سیزن کا 12 واں میچ ہوگا چنئی نے 18 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا ہے جبکہ راجستھان آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے۔ چنئی کے خلاف میچ جیتنے کے بعد اسے اپنے آخری دو میچ بھی جیتنے ہوں گے، تبھی ٹاپ چار میں اس کے پہنچنے کی امید ہے لیکن چنئی سے ہارنے کے ساتھ تمام امکانات بھی ختم ہو جائیں گے، حالانکہ بعد میں نیٹ رن ریٹ کا بھی رول رہے گا۔ راجستھان کو گزشتہ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف سات وکٹوں سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اچھی شروعات کے باوجود راجستھان 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 149 رن بنا سکی تھی جبکہ بنگلورو نے 17.1اوور میں تین وکٹوں پر 153 رن بنا کر میچ جیت لیا تھا۔ اس شکست کے بعد ٹیم کے کپتان سنجو سیمسن اور کرکٹ ڈائریکٹر کمار سنگاکارا نے اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ سیمسن اس سیزن میں خاص طور پر دوسرے مرحلے میں اچھی فارم میں کھیل رہے ہیں۔انہوں نے گزشتہ تین میچوں میں بالترتیب 7082 اور 19 رن بنائے ہیں۔ وہ 452 رن کے ساتھ ورنج کیپ (سب سے زیادہ رن) کی فہرست میں شیکھر دھون (454رن) کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔چنئی کی بات کریں تو اس کے تمام کھلاڑی فارم میں ہیں۔ ہر بار آخری چار میچوں میں اس کے نئے کھلاڑی نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہر کھلاڑی اپنا تعاون دے رہا ہے۔ چنئی کے اوپنرز رتوراج گائیکواڈ اور فاف ڈو پلیسیس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہر میچ میں ان کے بلے سے رن آ رہے ہیں جو چنئی کی فتح کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ڈو پلیسیس 435رن کے ساتھ سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، گائیکواڈ 407 رن کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ ڈوین براوو، دیپک چاہار، شاردل ٹھاکر، جوش ہیزل ووڈ اور رویندرا جدیجا گیندبازی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔