یرگول ڈیم کا پانی کے جی ایف کو فراہم کرنے حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا:سمپنگی

RushdaInfotech September 27th 2021 urdu-news-paper
یرگول ڈیم کا پانی کے جی ایف کو فراہم کرنے حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا:سمپنگی

کے جی ایف۔26ستمبر(سالارنیوز)سابق رکن اسمبلی وائی سمپنگی نے کے جی ایف اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی چیر پرسن اشوینی دنیش، مقامی بی جے پی لیڈران،مختلف گرام پنچایتوں کے صدور اور سٹی منسپل کونسلروں کے ساتھ بنگارپیٹ اسمبلی حلقے کی حدود میں شامل کامسمودراہوبلی کے یرگول ڈیم کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھلی سرحد والے اس علاقے میں ایسے ڈیم کی تعمیر بہت ہی فائدہ مند ثابت ہوگی،اس ڈیم سے کولار سٹی منسپل کونسل کی حدود،بنگارپیٹ ٹاؤن منسپل کونسل کی حدود میں شامل وارڈوں اور مالورٹاؤن منسپل کونسل کے وارڈوں سمیت پائپ لائن جہاں سے گزری ہے ایسے 45قریوں کو پینے کا پانی فراہم کئے جانے کا منصوبہ ہے،مگر اس ڈیم کا پانی کے جی ایف کے عوام کو فراہم کرنے کا کہیں بھی ذکر نہیں ہے۔کے جی ایف شہر کی آبادی تقریباً 2لاکھ سے زیادہ ہے،کے جی ایف اسمبلی حلقے میں شامل بیت منگل کوبھی اب گرام پنچایت سے ٹاؤن پنچایت کے طور پر ترقی دی گئی ہے اوریہاں بھی 20ہزار کی آبادی ہے،اس کے علاوہ اطراف کے 20قریوں میں بھی پینے کے پانی کی مسلسل سربراہی نہ ہونے کی وجہ سے عوام پریشان حال ہیں،ایسی مشکلوں کا سامناکررہے عوام کو پینے کاپانی فراہم کرنے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالاجائے گا۔سمپنگی نے کہاکہ اس خصوص میں ضلع نگران کار وزیر اور رکن پارلیمان کو توجہ دینی ہوگی اور حکومت پر دباؤ ڈال کر پائپ لائن کے ذریعے یرگول ڈیم کاپانی کے جی ایف اور بیت منگل کے عوام کو فراہم کرنے کیلئے اہم کردار اداکرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ کے جی ایف شہر سے ایرگول ڈیم صرف 18کلومیٹر دوری کے فاصلے پرہے۔ کے جی ایف کے تالابوں کو صرف بارش کے پانی کے ذریعے ہی بھراجاسکتاہے،اس کیلئے دوسراکوئی راستہ نہیں ہے۔برسات کے موسم میں تالاب تھوڑے بہت بھرتے ہیں مگر پھر سے مٹی بھرجانے کی وجہ سے تالاب سوکھ جاتے ہیں اورعوا م کو پانی کے لئے مشکلات کا سامناکرناپڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ کے جی ایف اسمبلی حلقے کیلئے کے سی ویلی کے پانی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔کولار ضلع میں زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ اور زرعی سرگرمیوں کیلئے پانی کے استعمال کے مقصد سے کے سی ویلی منصوبہ بنایاگیاہے اور اس کے تحت ضلع کے کئی تالابوں کو پانی فراہم کیاگیاہے۔ماہرین کا کہناہے کہ یہ پانی پینے کے قابل نہیں ہے۔ اس لئے کے جی ایف تعلقہ کیلئے کے سی ویلی کے پانی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔حکومت پر دباؤ ڈال کر یرگول ڈیم سے پینے کا پانی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔سمپنگی نے مزید کہا کہ کے جی ایف میں 500فٹ کی گہر ائی میں بھی فلورائیڈ آلودہ پانی مل رہاہے، اس کے استعمال سے عوام کی صحت پر برااثر پڑ رہاہے۔


Recent Post

Popular Links