خواتین کی مالی حالت میں سدھار ضروری:رکن اسمبلی

RushdaInfotech September 21st 2021 urdu-news-paper
خواتین کی مالی حالت میں سدھار ضروری:رکن اسمبلی

کے جی ایف:20ستمبر(سالارنیوز)خواتین اگر مالی طور پر مستحکم ہوں تو ہی ملک کی ترقی ممکن ہوسکتی ہے۔یہ بات رکن اسمبلی روپاششی دھر نے کہی۔انہوں نے یہاں شہر کے کنگ جارج ہال میں منعقدہ استری شکتی سنگھاؤں کی خواتین میں 1.25کروڑ روپئے قرض کے اے ٹی ایم کارڈ زتقسیم کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو خود کفیل بنانے اور انہیں مالی طورپر مضبوط بنانے کیلئے ڈی سی سی بینک پچھلے 12سالوں سے ضلع کے تمام قریوں اور شہری علاقوں میں بغیرسود کے قرض کی سہولت فراہم کرتاآرہا ہے۔روپانے کہاکہ کولار -چکبالاپور دونوں اضلاع میں قرض کی سہولت سے فائدہ اٹھانے والی لاکھوں خواتین نے پوری ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ قرض کی رقم واپس لوٹاکر مثال قائم کردی ہیں۔ ڈی سی سی بینک کے اس اقدام کی وجہ سے کئی غریب خاندانوں کو پرائیویٹ فائنانسروں کے ظلم اور زیادہ سود اداکرنے سے چھٹکاراملاہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اس سے قبل ڈی سی سی بینک کی حالت نہایت خستہ تھی،بیلہلی گووند گوڈاکے صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈی سی سی بینک کو نئی زندگی ملی ہے اور بینک کی حالت میں سدھارآیاہے۔اس بینک کے ذریعے لاکھوں کسانوں، مزدوروں،خواتین اور فٹ پاتھ کے بیوپاریوں کو قرض کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔روپانے کہا کہ اس بینک کے ذریعے کسانوں اور خواتین کی مدد کی جارہی ہے،مگر اس سے بھی چند لوگوں کو تکلیف پہنچ رہی ہے اور ان سے ڈی سی سی بینک اور کسانوں کی ترقی دیکھی نہیں جارہی ہے۔اس موقع پر سٹی منسپل کونسل کے صدر ولل منی سوامی،سٹی منسپل کونسلروں کے علاوہ سٹی کانگریس کمیٹی کے صدر مدلومتو، دیہی بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر کرشناریڈی اور پدمانابھ ریڈی موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links