طلباء اپنے والدین کے خواب پورا کرنے کی جانب توجہ دیں:بابو

RushdaInfotech September 20th 2021 urdu-news-paper
 طلباء اپنے والدین کے خواب پورا کرنے کی جانب توجہ دیں:بابو

چکبالاپور:19ستمبر (محمد جیلانی۔نامہ نگار) ہر شخص اپنی محنت و لگن اور جذبہ کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کرے تو یقینا اس کو اللہ کامیابی عطاء کرے گا، اس لئے ضروری ہے کہ ہر ایک کے ساتھ بہتر تعلقات رکھیں اورکامیابی کی طرف بڑھنے کی کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار عمرہ ڈیولپرس کے مالک و سماجی خدمت گذار کے جی ایف بابو نے کیا۔انہوں نے یہاں ہرشودیا فنکشن ہال میں گلوبل اکیڈمی اور آکاش پی یو کالج کے اشتراک سے منعقد ہ کلاسس کے آغاز کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اگر انسان میں لگن ہو تو وہ اونچائی تک پہنچ سکتا ہے، اسکی زندہ مثال میں خود ہوں۔ اگر ایک انپڑھ ہوکر بھی اتنی ترقی کرسکتا ہوں، تو طلباء کا اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ترقی کرنا کونسی بڑی بات ہے۔ آج کے دور میں طلباء کو چاہئے کہ وہ اپنے والدین کے خواب پورا کرنے کی جانب توجہ دیں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ اچھے کردار بھی اپنائیں اوراپنے دوستوں کے ساتھ بہتر تعلقات رکھیں۔میری یہ کوشش ہورہی ہے کہ سماجی خدمت بلالحاظ مذہب و ملت کی جائے۔ کبھی بھی خدمت مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ انسانیت کی بنیاد پر ہی کی جانی چاہئے۔میری جانب سے اس کالج کے400 طلباء کو فی طالب علم 2 ہزار روپئے اسکالر شپ فراہم کی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی طلباء کو چاہئے کہ وہ سبھی اپنے تعلیمی دور میں اعلیٰ و اچھی تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر موجود کنڑا فلم اداکار ستیش نے کہا کہ ہر انسان کوچاہئے کہ وہ سادہ اور عام زندگی گذارنے کی کوشش کرے، جیسے اس ملک کی عظیم شخصیتوں نے گذاری تھی۔ طلباء اپنے والدین کے خوابوں اور بھروسہ کو باقی رکھتے ہوئے محنت ولگن کے ساتھ تعلیم پانے کی جانب توجہ دیں۔ اس موقع پر پردیپ ایشور، کالج کے پرنسپل آنند، دلیپ کمار، گوتمی،نرمدا ریڈی،سدلگٹہ منسپالٹی کے نائب صدر افسر پاشاہ کے علاوہ دیگر بھی موجود رہئے۔


Recent Post

Popular Links