کنور یونیورسٹی میں ساورکر اور گولوالکر کو نصاب سے ہٹانے کا فیصلہ

RushdaInfotech September 18th 2021 urdu-news-paper
کنور یونیورسٹی میں  ساورکر اور گولوالکر کو نصاب سے ہٹانے کا فیصلہ

ترونت پورم-17ستمبر(ایجنسی)کنور یونیورسٹی نے وی ڈی ساورکر اور ایم ایس گولوالکر کے نظریات اور ان کے کاموں کو اپنے نصاب سے ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے- کافی تنازعہ کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے اور اب جلد ہی پوسٹ گریجویٹ کے گورننس اینڈ پالیٹکس نصاب میں شامل ساورکر اور گولوالکر سے متعلق مواد کو ہٹا دیا جائے گا- جب سے ان دو ناموں کو نصاب میں شامل کیا گیا تھا، کیرلا میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے سخت اعتراض ظاہر کیا تھا اور ریاستی حکومت پر تعلیم کی بھگواکاری کا الزام عائد کیا تھا-کانگریس نے برسراقتدار سی پی آئی(ایم)پر ریاست میں تعلیم کی بھگواکاری کیلئے سہولت مہیا کرنے اور غلط نظریات کو فروغ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے ریاست کی سی پی آئی(ایم)حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ فوری طور پر ساورکر، گولوالکر، دین دیال اپادھیائے وغیرہ کے کاموں کو یونیورسٹی کے نصاب سے ہٹایا جائے- حالانکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر گوپی ناتھ رویندرن نے ساورکر اور گولوالکر جیسے لوگوں کو نصاب میں شامل کیے جانے کا دفاع کیا تھا- بعد ازاں خود وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے اس عمل کو مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے مخالفت میں بیان دیا تھا-اس تنازعہ کے درمیان 16 ستمبر کو کنور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر گوپی ناتھ رویندر نے کہا کہ جدید ہندوستانی سیاسی نظریات پر بحث، جس میں ساورکر اور گولوالکر کے ذریعہ کیے گئے کام اور ان کے نظریات شامل ہیں، نصاب کے تیسرے سیمسٹر سے ہٹا دیے جائیں گے-
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ضروری تبدیلی کے بعد اس پیپر کو چوتھے سیمسٹر میں شامل کیا جائے گا- میڈیا ذرائع کے مطابق آئندہ 29 ستمبر کو اسکول کے اکیڈمک کونسل کی میٹنگ ہونے والی ہے جس میں اس تعلق سے آخری فیصلہ لیا جائے گا-بہر حال، کنور یونیورسٹی کے ذریعہ نصاب سے ساورکر اور گولوالکر کے کاموں کو نکالے جانے کے فیصلہ کو بی جے پی نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے- بی جے پی نے اپنا احتجاج درج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی کا فیصلہ کیرلامیں سی پی آئی (ایم) اور کانگریس کے آپسی گٹھ جوڑ کو ظاہر کرتا ہے- کیرلابی جے پی صدر کے سریندرن کا کہنا ہے کہ یہ حیرت انگیز ہے، کانگریس کے مطالبہ کے بعد سی پی آئی (ایم) ملک کے قومی لیڈرس کے کاموں کی جانکاری اپنے نصاب سے ہٹا دیتی ہے-

 


Recent Post

Popular Links