اعلانات و مراسلات

مسجد غوث اعظم میں عرس آمری منایا گیا
بنگلورو۔13ستمبر (راست) مسجد غوث اعظم اولڈ گڑدھلی بنگلور میں چھٹا سالانہ عرس آمری منایا گیا۔بعد نماز ظہر قرآن خوانی اور بعد نماز مغرب محفل وعظ منعقد کی گئی۔ محفل کا آغاز قاری وسیم اکرم رضوی کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مولانا عبد الرزاق آمری،تنویر خالد، قاری مغیث قادری نے نعت ومنقبت کے نذرانے پیش کئے۔ مہمان خصوصی مولانا شاہ عبد البصیر آمری نے کہا کہ اولیائے کاملین کی شان ہی نرالی ہے کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کے مقبول ومحبوب بندے ہوتے ہیں جن کے بارے میں قرآن کریم نے فرمایا کہ اللہ کے ولیوں کو نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔ کیونکہ اللہ ان کا حامی وناصر ہے۔ ہمیں بھی چاہئے کہ ہم بھی ان اللہ والوں کے دامن سے وابستہ ہوکر اپنے تاریک دلوں کو روشن کریں۔ علامہ سید محمد عمر حسنی حسینی آمر شاہ کلیمی المعروف خواجہ فقیر نوازؒ سے ایک عالم نے فیض حاصل کیا۔ آپ ہی سلسلہ عالیہ قادریہ آمریہ کے بانی ہیں اور دنیائے اسلام میں آپ کے وابستگان کو آمری کہہ کر پکارا جاتا ہے۔ مولانا حسان آمری نے بھی اپنا خراج عقیدت پیش کیا۔ مفتی سید محمد ذبیح اللہ نوری بنگلوری نے عالم میں امن وامان کے لئے دعائے خیر کی اور صلوٰۃ وسلام پر یہ پرنور محفل کا اختتام ہوا۔حاضرین کی لنگر آمری سے تواضع کی گئی۔ شرکاء محفل میں اللہ بخش آمری، محمد مشتاق آمری، حسین اسجد رضوی،محمد سالک بون دا، محمد اعظم آمری اور اہل محلہ ووابستگان سلسلہ کے علاوہ کثیر تعداد میں عوام وخواص شامل تھے۔
(صدر وسکریٹری مسجد غوث اعظم گڑدھلی بنگلور)
مسجد ابوبکر صدیقؓ، پورنیا کی اپیل
بنگلورو۔13ستمبر (راست) مسجد ابوبکر صدیقؓ مقام کمالپور پوسٹ، محمد وایہ قصبہ، پورنیا (بہار) جہاں 150گھر مسلم آبادی ہے۔ وہاں پر مسجد نہ ہونے کی وجہ سے نمازیوں کے لئے بہت پریشانی ہورہی ہے۔ لہٰذا مسجد کے لئے 8,400اسکوائر فیٹ زمین خریدی گئی ہے جس کی قیمت 25لاکھ روپئے ادا کرنا ضروری ہے۔ ایک اسکوائر فیٹ کی قیمت 300روپئے اور ایک مصلیٰ کی قیمت 2,100روپئے ہے۔آدھے مصلیٰ کی قیمت 1,050روپئے ہے۔ مسجد کا تعمیری سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔ اہل خیر حضرات سے درخواست ہے کہ اپنے اور اپنے مرحومین کے لئے ایصال ثواب کے واسطے تعاون کرکے ثواب دارین حاصل کریں۔(محمد افروز عالم:8147294896)
Account Details-Masjid Abubakar Siddique-A/C.No.52500100005894-IFSC Code.BARB01CHALO
17 ستمبرکوسداپورمیں جمعےۃ کالونی کاافتتاح
بنگلور۔13/ستمبر(پریس ریلیز) جمعےۃ علماء ہندکی بازآبادکاری مہم کے تحت امداد و راحت رسانی اور متاثرین کی باز آبادکاری کا کام تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ ریاست کرناٹک کے سیلاب زدہ علاقہ سدا پور ضلع کورگ میں جمعےۃ علماء کی اس مہم کے تحت تعمیر شدہ14نئے مکانات کی چابیاں بدست امیرالہند مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند17 ستمبر بروز جمعہ صبح10 بجے دی جا رہی ہیں۔ اس موقع پربحیثیت مہمان خصوصی مولانا مفتی سید معصوم ثاقب جنرل سکریٹری جمعےۃ علما ء ہند و مہتمم دارالعلوم امدادیہ رائچوٹی و مدرسہ علوم شرعیہ بنگلور شریک ہوں گے۔ جمعیۃ علما ہند ملک کی سب سے قدیم،عظیم اور بااثر جماعت ہے جس کی خدمات اور کارنامے تاریخ ہند کا ایک روشن باب ہیں۔ جو ہر موڑ اور مرحلہ پر اپنے روز قیام سے ملت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ برادران اسلام سے گزارش ہے کہ اس موقع پرزیادہ سے زیادہ شریک ہوکر سیلاب سے متاثرہوئے افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار فرمائیں۔
………………………… (محمد رحمت اللہ شاہی) ……………………