شہر میں ملک کے پہلے سرکاری ٹیلی آئی سی یو اسپتال کا افتتاح وزیراعلیٰ بومئی12ستمبر کو قوم کے نام منسوب کریں گے۔سومنا

بنگلورو۔9ستمبر(سالار نیوز)ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ وی سومنا کے حلقہ گووند راج نگر کے حدود میں مفت ڈیالیسس سنٹر، تجدید کردہ اسکول کالج،پارکوں کو قوم کے نام منسوب کرنے اور مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے سنگ بنیاد تقریب12ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔ گووند راج نگر حلقہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے سومنا نے اس بات کی جانکاری دی اور بتا یا کہ ماروتی مندر وارڈ میں تعمیر شدہ کرانتی ویرا سنگولی رائنا ڈیالیسس سنٹر،کرانتی ویرا سنگولی رائنا کا مجسمہ اور پارک،سرکاری پبلک اسکول، اسکیٹنگ رنگ،اگراہارا داسرہلی میں تعمیر شدہ اسٹیڈیم اور سرکاری ہائی اسکول اور پی یو کالج کو وزیر اعلیٰ بسوا راج بومئی قوم کے نام منسوب کریں گے اور مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے سنگ بنیاد رکھیں گے۔انہوں نے بتا یا کہ غریبوں کو مفت ڈیالیسس سہولت فراہم کرنے کے مقصد کے تحت ماروتی مندر وارڈ میں کل 76,260اسکوئر فیٹ علاقہ میں تین منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے،جس میں 65 بستروں والا اسپتال قائم کیا گیا ہے اور اس کی خصوصیت ٹیلی آئی سی یو سہولت سے لیس ملک کا پہلاٹیلی آئی سی یو سرکاری اسپتال ہے۔انہوں نے بتا یا کہ کووِڈ کے موقع پر اس عمارت کی چند منزلوں کو کووِڈ اسپتالوں میں تبدیل کرنے کی بھی گنجائش ہے۔سیلرس میں وینٹی لیٹر سمیت9آئی سی یوبستر ہیں،پہلی منزل میں 15آئی سی یو بستروں اور دوسری منزل میں 40بستر موجود ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ جدید طبی سہولتیں،ایر کنڈیشن نظام،24 گھنٹے جنریٹر،پارکنگ کی سہولت،طبی عملہ کے لئے آرام دہ کمرے،آئی سی یو کے ہر بستر کیلئے آڈیو اور ویڈیو رابطہ فراہم کیا گیا ہے۔