بزم گلزار ادب چن پٹن کا غیر طرحی منقبتی مشاعرہ

چن پٹن۔7ستمبر (راست) دفترمہدویہ مزدور اسوسی ایشن، بزم گلزار ادب چن پٹن کا غیر طرحی منقبتی مشاعرہ منعقد ہوا۔ شہدائے کربلا کی یاد میں منعقدہ اس غیر طرحی مشاعرہ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سید جلال محمودی بھدراوتی نے کہا کہ اردو ادب کو بچانے کیلئے بزم اور تنظیموں کا فعال رہنا بہت ضروری ہے۔اردو ادب کی آبیاری میں شعرائے کرام نے بہت اہم رول ادا کیا ہے۔آج کی نوجوان نسل اردو زبان و ادب سے نہ صرف نا بلد ہے بلکہ اس میں دلچسپی بھی کم ہوتی جارہی ہے۔ایسے ماحول میں اگر ہم زبان کی ترقی و ترویج کی طرف توجہ نہیں دیں گے تواردو کو جو نقصان پہنچے گا اس کے ذمہ دار بھی ہم ہی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کا تذکرہ اشعار کی شکل میں کیا جارہا ہے۔اس طرح ہم اپنے اسلاف کو بھی یاد کریں گے اور ادب کی خدمت بھی ہوتی رہے گی۔شاعر اپنا خون جلا کر منقبتی کلام لکھتا ہے۔اپنی عقیدت کا اظہار کرتا ہے۔ڈاکٹر ستار خان محمد زئی اور سید صابر اللہ خوندمیری صدر مسلم انجمن مہدویہ چن پٹن مہمانان خصوصی رہے۔سید کاشف الحق کی قرأت سے آغاز ہوا۔عبدالرشید منصوری اور ممتاز علی خان نے بارگاہِ رسالتؐ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔حسب ذیل شعراء نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔سید مختار احمد خوندمیری،اشفاق بیگ اشفاق،سید محمود یداللہیٰ محمود،ڈاکٹر شاہ اظہر نظامی اظہر، سید برہان الدین ذوق، سید نصیرالدین اسحاق نصیر،حضرت مشائخ سید ثناء اللہ کوثر مہدوی مرحوم کا کلام سید کاشف نے پڑھا جبکہ حسن علی خان کا کلام ممتاز علی خان نے سنایا۔ نظامت اور شکریہ کے فرائض سید برہان الدین ذوق نے انجام دئے۔