عاقل شاہی قبرستان کی حصاربندی کیلئے سنگ بنیاد

RushdaInfotech September 4th 2021 urdu-news-paper
 عاقل شاہی قبرستان کی حصاربندی کیلئے سنگ بنیاد

چن پٹن:3ستمبر (راست)عاقل شاہی قبرستان کی حصار بندی بہت ضروری تھی اور اس کام کیلئے کئی سالوں سے کوشش کی جارہی تھی، اس کے مطابق آج تعمیری کام کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ کسی قسم کی رکاوٹ کے بغیر اس کام کو مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہارسید سعادت اللہ سقاف یہاں قبرستان کے تعمیری کام کا آغاز کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔اس موقع پر موجود سید منصور ایس ایم ڈبلیو نے بتایا کہ 2018ء میں ہی عاقل شاہی قبرستان کی حصار بندی کیلئے کوشش شروع کی گئی تھی اور اس وقت کے وزیر ِ اوقاف ضمیر احمد خان کے پاس اس کمپاؤنڈ کی دیوار کاتخمینہ66لاکھ روپئے کا لے گئے تھے، اس وقت جے ڈی ایس اور کانگریس کی مخلوط حکومت تھی اور ایچ ڈی کمار سوامی وزیر اعلیٰ تھے، ضمیر احمد خان نے اس وقت کمار سوامی کی جانب سے ایک لیٹر لانے کیلئے کہتے ہوئے ہمیں ایچ ڈی کمار سوامی کے پاس بھیجا کیونکہ ایچ ڈی کمار سوامی چن پٹن کے رکن اسمبلی تھے، ایچ ڈی کمارسوامی نے اس قبرستان کی حصار بندی کیلئے 50لاکھ روپئے منظور کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ایک لیٹر دیا جس کی بنیاد پرانہوں نے کہا کہ وقف بو رڈ کی جانب سے ایک ساتھ اتنے روپئے منظور کرنا مشکل ہے اس لئے پہلے 25لاکھ روپئے منظور کرنے کے احکامات جاری کئے۔یہاں کے اراکین بلدیہ کوشش کرتے ہوئے یہ رقم ریلیز کرانے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ سارے قبرستان کی حصاربندی کیلئے فی الوقت پیسے نہیں ہیں لیکن اگر جو پیسے ہیں ان سے کام شروع کرادیا جائے تو اللہ تعالیٰ کسی نہ کسی طرح مکمل کام کرانے کا راستہ فراہم کردے گا، اسی سوچ سے آج سید سعادت اللہ سقاف مالک نیو ایس کے بیڑی ورکس کے ہاتھوں سنگ بنیاد عمل میں لایا گیا ہے۔ سنگ بنیاد رکھنے سے پہلے فاتحہ خوانی کی گئی۔ مولانا عبید اللہ شریف نے دعاکی۔ اس موقع پروقف بورڈ سی ای او اور بڑا مکان کمیٹی کے اڈمنسٹریٹر عبدالمنان، رکن بلدیہ لیاقت علی خان،رکن بلدیہ واصل علی خان، عمران رفاعی، نثار احمد،یوسف، ریاض، سابق رکن بلدیہ حامد منور، چودھری فیاض، نور اللہ شریف، سید افروزوغیرہ موجود رہے۔


Recent Post

Popular Links