121سال کا انتظارختم ہندوستان کو ایتھلیٹکس میں پہلا گولڈ میڈل

نئی دہلی،7اگست(ایجنسی)ہندوستان کے اسٹار جیولن تھروور نیرج چوپڑانے ٹوکیو اولمپک میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔ نیرج چوپڑا ایتھلیٹکس میں اولمپک تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔یہ اولمپک تاریخ کا کسی ہندوستانی کھلاڑی کا ایتھلیٹکس کا پہلا میڈل ہے۔ پہلی بار ہندوستان نے اولمپک میں 7 میڈل جیتے۔ اس سے پہلے 2012 لندن اولمپک میں 6 میڈل ملے تھے۔ اس طرح ہندوستان نے 121 سال میں پہلی بار 7 میڈل جیتنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔نیرج چوپڑا ہندوستان کیلئے انفرادی اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے محض دوسرے کھلاڑی ہیں۔ شوٹر ابھینو بندرا نے بیجنگ اولمپک میں گولڈ میڈل جیتا تھا اور اب نیرج چوپڑا نے اس تاریخی کارنامے کو انجام دیا ہے۔ نیرج چوپڑا نے اولمپک ایتھلیٹکس میں ہندوستان کو پہلا میڈل دلایا ہے۔ اس سے انہوں نے ہندوستان کا ایتھلیٹکس میں اولمپک تمغہ جیتنے کا گزشتہ 121 سال سے بھی زیادہ کا انتظار ختم کردیا۔ نیرج چوپڑا نے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ترنگا لے کر میدان کا چکر لگایا اور اس کا جشن منایا۔ (تفصیل صفحہ 7پر)