اگلے تین ماہ میں 6کروڑ کووڈ ویکسین لگوائے جائیں گے: سدھاکر

RushdaInfotech July 26th 2021 urdu-news-paper
اگلے تین ماہ میں 6کروڑ کووڈ ویکسین لگوائے جائیں گے: سدھاکر

بنگلورو۔25جولائی(سالار نیوز)کرناٹک بھر میں اگلے تین ماہ کے دوران چھ کروڑ سے زیادہ کووڈ ویکسین لگوادئیے جائیں گے۔ یہ بات ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے کہی۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جب ویکسین مہم شروع کی گئی تو بعض سیاسی جماعتوں اور دیگر حلقوں سے ویکسین کو لے کر شبہات کا اظہار کیا گیا۔ اس طرح کے شبہات کے ذریعے عوام میں دہشت پھیلانے کی کوششیں کی گئیں۔ لیکن یہ بات باعث اطمینان ہے کہ لوگوں میں ویکسین کے بارے میں کافی حد تک بیداری آئی ہے اور ریاست بھر میں تمام طبقات کے لوگ بڑھ چڑھ کر ویکسین لگوارہے ہیں۔ سدھاکر نے کہا کہ لوگوں کی سمجھ میں یہ آ چکا ہے کہ کورونا سے بچنے کا معتبر ذریعہ ویکسین ہی ہے اس لئے وہ اب کافی جوش و خروش سے آگے بڑھ کر ویکسین لگوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری ریاست میں آنے والے دو تین ماہ کے دوران 5تا 6کروڑ لوگو ں کو ویکسین فراہم کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ملک میں تیار ہونے والی ویکسین کا 25فیصد ذخیرہ نجی اداروں اور فریقوں کو فراہم کرنے کا انتظام کیا ہے اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے رضاکار اداروں اور کمپنیوں کو چاہئے کہ وہ ویکسین خریدیں اور عوام میں تقسیم کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کو روکنے کی احتیاطی تدبیروں کے ساتھ ساتھ بارش کے موسم میں آنے والی بیماریوں سے نپٹنے کے لئے بھی محکمہ صحت پوری طرح مستعد ہے۔ انہوں نے کہا کہ چکبالاپور ضلع میں کورونا کے کیسوں میں کمی کے ساتھ ہی ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیزکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی ویالی، این ایس ویالی اور ورشا بھاوتی کے پانی کی صفائی اور اسے ثانوی ضرورتوں کے لئے چکبالاپور میں فراہم کرنے کے منصوبے کے ذریعہ ضلع میں 50تالابوں کو پر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال اچھی بارش ہو نے کے سبب ضلع کی زرعی سرگرمیوں میں تیزی کی امید ہے حکومت کی طرف سے کھاد پر 150فیصد تک سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔اس کے باوجود بھی بعض حلقوں سے نکتہ چینی کی جا رہی ہے جو کہ افسوسناک ہے۔


Recent Post

Popular Links