مصنوعی ذہانت سے حج کو کامیاب بنانے میں مدد ملی: السدیس

RushdaInfotech July 25th 2021 urdu-news-paper
مصنوعی ذہانت سے حج کو کامیاب بنانے میں مدد ملی: السدیس

مکہ مکرمہ،24جولائی (اے یوایس) صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی نے حج کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔العربیہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ موجودہ حج کو ’اسمارٹ حج‘ کا نام دیا جائے تو یہ بے جا نہیں ہوگا، کیونکہ رواں سال حج کے موقعے پر زیادہ سے زیادہ مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھایا گیا۔ ڈجیٹل آلات کی مدد سے حج کو کامیاب بنانے میں مدد ملی۔ان کا کہنا تھا کہ حج کے موقعے پر اسمارٹ آلات کا استعمال ویژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ رواں حج سیزن کے موقعے پر ہماری حکومت کی طرف سے حج سروسز کو جدید خطوط پر منتقل کرنے کی خصوصی ہدایت موجود تھی۔ مسجد حرام میں روبوٹ مشینوں کا استعمال کیاگیا۔ روبوٹ سے اسپرے کیا گیا۔ روبوٹ کی مدد سے حجاج کرام میں آب زم زم تقسیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ جدید آلات کی مدد سے خطبہ حج کو 10 عالمی زبانوں میں ترجمے کے ساتھ پیش کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ صدارت عامہ برائے حرمین حج کو کامیاب بنانے کیلئے سروسز فراہم کرنے والے حکومتی نیٹ ورک میں شامل ہے۔امور حرمین نے وزارت صحت، وزارت حج وعمرہ، وزارت مذہبی امور اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔


Recent Post

Popular Links